ٹیکس کی بنیادمیں وسعت، زراعت، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور ہول سیل کی قومی جی ڈی پی میں حصے کے مطابق ٹیکس میں شمولیت بڑھانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں، وفاقی وزیر خز انہ محمد اورنگزیب کاواشنگٹن میں پینل مباحثہ کے دوران اظہار خیال

منگل 22 اپریل 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2025ء) وفاقی وزیر خز انہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس کی بنیادمیں وسعت اور زراعت، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور ہول سیل جیسے شعبوں کی قومی جی ڈی پی میں ان کے حصے کے مطابق ٹیکس میں شمولیت بڑھانے کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے بہاریہ اجلاس 2025 کے موقع پر منعقدہ پینل مباحثہ ''ریونیو میں درمیانی مدت میں اضافہ'' کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہاکہ ٹیکس کی بنیادمیں وسعت اور زراعت، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل اور ہول سیل جیسے شعبوں کی مجموعی قومی پیداوارمیں ان کے حصے کے مطابق ٹیکس میں شمولیت بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایف بی آر کو انسانی وسائل، طریقہ کار اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے جدید بنانے، ٹیکس دہندگان اور ٹیکس جمع کرنے والے کے درمیان رابطے کو کم کرنے، نفاذ اور تعمیل کو مضبوط بنانے اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے حسب ضرورت آڈٹس متعارف کرانا ضروری ہے۔انہوں نے ایف بی آر اور ٹیکس دہندگان کے درمیان اعتماد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔