-غیر نصابی سرگرمیاںذہنی اور جسمانی صحت کے لئے بے حد ضروری ہیں: پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن

منگل 22 اپریل 2025 21:20

Eلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2025ء) گلاب دیوی ہسپتال کے ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر العلیم میڈیکل کالج عابد علی ہاشمی نے کہا ہے کہ غیر نصابی سرگرمیاںذہنی اور جسمانی صحت کے لئے بے حد ضروری ہیں۔ کھیلوں کے مقابلوں سے طلبہ میں جیت کی لگن اور کامیابی کی جستجو کا جذبہ بڑھتا ہے۔یہ جذبہ عملی زندگی میں کامیابی اور کامرانی کا ذریعہ بنتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزگلاب دیوی ہسپتال ایجوکیشنل کمپلیکس کے زیراہتمام سپورٹس فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق العلیم میڈیکل کالج اور گلاب دیوی ایجوکیشنل کمپلیکس میں سالانہ ایونٹ ''علیم پیاد معرکہ'' کا انعقاد کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ایونٹ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ایونٹ ہے، کیونکہ یہ پنجاب کا پہلا اور واحد میڈیکل کالج ہے جو انٹر کالجیئٹ اور یونیورسٹی سطح پر مقابلوں کا اہتمام کرتا ہے جس میں نہ صرف میڈیکل کالجز بلکہ دیگر یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے طلباء بھی شرکت کرتے ہیں اور آپس میں مقابلہ کرتے ہیں۔

یہ عظیم الشان ایونٹ پانچ دنوں تک جاری رہتا ہے۔ اس ایونٹ کا مقصد یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی پالیسی کے مطابق طلباء کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں فراہم کرنا ہے تاکہ ذہنی تازگی حاصل ہو۔اس ایونٹ میں 11 مختلف کیٹیگریز شامل ہیں جن میں کھیلوں، موسیقی، مباحثے، اسلامی، آرٹس وغیرہ شامل ہیں اور کل 45 مقابلے منعقد کیے گئے جن میں کرکٹ، فٹبال، سائنسی نمائش، بیڈمنٹن، بیت بازی، پینٹنگ، اسکیچنگ، نعت اور قرأت شامل ہیں۔

اس سال 41 کالجز سے 422 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ اس میں شرکت کرنے والے معروف اداروں میں نمل یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی، سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، سینٹرل پارک میڈیکل کالج، علامہ اقبال میڈیکل کالج، کامسیٹس، فاطمہ جناح میڈیکل کالج، اور یونییک ہائی اسکول شامل ہیں۔ایونٹ کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد کیمپس ایمبیسیڈرز کی فلیگ مارچ منعقد کی گئی، اور آخر میں قومی ترانہ بجایا گیا پروگرام میں ایم ایس گلاب دیوی ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر حامد حسن، پراجیکٹ ڈائریکٹر العلیم میڈیکل کالج ڈاکٹر عابد علی ہاشمی، ڈائریکٹر ایڈمن اعجاز حسین اور معزز اساتذہ کرام اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ایونٹ میں 7 سال کے بچوں سے لے کر 45 سال کے افراد حصہ لیں گے۔ ایونٹ کے مقابلوں کو منصفانہ طور پر جج کرنے کے لئے معروف و مشہور ججز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔