آئی سی سی آئی اورپی ایس ڈبلیو کاتجارتی سہولت کاری کیلئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ

بدھ 23 اپریل 2025 23:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) نے تجارتی سہولت کاری اور تجارتی عمل کو آسان بنانے، چیلنجوں سے نمٹنےاور تاجر برادری کے فائدے کے لئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس سلسلے میں آئی سی سی آئی میں "تجارتی عمل کو آسان اور مضبوط بنانے میں پی ایس ڈبلیو کے کردار" کے موضوع پر ایک ریفریشر سیشن کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد کاروباری برادری میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے بین الاقوامی تجارتی آپریشنز کو آسان بنانے بارے پی ایس ڈبلیو کے اہم کردار سے آگاہی دینا تھا۔

خطے کے کاروباری رہنماؤں کی ایک بڑی تعداد نے سیشن میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے استقبالیہ کلمات میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے پورٹل کی افادیت پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے میں پلیٹ فارم کے جامع نقطہ نظر کو اجاگر کیا۔انہوں نے چیمبر کے اراکین کو باخبر رکھنے اور پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کے مقصد سے اہم قومی اصلاحات کے ساتھ منسلک رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیشن ہماری کاروباری برادری کو تجارتی آپریشنز کے بارے میں عملی معلومات اور بصیرت حاصل کرنے میں مدد کرے گا جس سے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔تکنیکی پہلوؤں کو پیش کرتے ہوئے حافظ محمد احمد، ڈومین آفیسر پی ایس ڈبلیو نے اس پورٹل کے فوائد کی وضاحت کی جو کسٹمز، بینکوں، فریٹ فارورڈرز، اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آپس میں جوڑتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایس ڈبلیو خودکار نظاموں کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی ضوابط کی تعمیل کو یقینی بناتا ہے جو تجارتی طریقہ کار میں شفافیت، رفتار اور کارکردگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 77 تجارتی ریگولیٹری ڈیپارٹمنٹ میں سے 21 پہلے ہی پی ایس ڈبلیو سسٹم میں ضم ہو چکے ہیں۔ بزنس اینالسٹ زینب نیئر نے سبسکرپشن اور رجسٹریشن کے طریقہ کار پر مشتمل ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی جس کے بعد ایک جامع سوال و جواب کا سیشن ہوا۔

آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے پی ایس ڈبلیو کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ چیمبر مستقبل میں بھی تاجر برادری کے فائدے کے لیے اس طرح کے معلوماتی سیشنز کا انعقاد کرتا رہے گا۔اجلاس میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، روحیل انور بٹ، ذوالقرنین عباسی، عرفان چوہدری، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور آئی سی سی آئی کے صدر کے مشیر نعیم صدیقی نے بھی شرکت کی۔