ئ* اپنا کمائو پروگرام کا مقصد ہر فرد کو معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے، رانا جبران

پروگرام یکم مئی سے شروع ہو گا، مزدوروں، خواتین اور طلبہ کے لیے روزگار کا نیا راستہ ہوگا

بدھ 23 اپریل 2025 20:45

پ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2025ء) پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا جبران نے کہا ہے کہ ملک بھر کے مزدوروں، سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کے بچے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ڈیجیٹل پروگرام اپنا کمائو سے مستفید ہو کر باعزت روزگار کما سکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے پاکستان ریلوے ورکرز یونین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ریلوے سگنل ورکشاپ کے انچارج خضر حیات ، پاکستان ریلوے ورکرز یونین کے مرکزی صدر سید زاہد جاوید ، مرکزی نائب صدر چوہدری اصغر گجر ، رانا سلیم، عامر سجاد، حاجی محمد وسیم، محمد شہباز ، محمد ہارون، فرقان و دیگر شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ 10 روزہ اپنا کمائو پروگرام یکم مئی سے شروع ہوگااور روزانہ 2 گھنٹے کی کلاسوں پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کا مقصد ایسے افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے جو روایتی نظامِ ملازمت سے مایوس ہو چکے ہیں۔اپنا کماؤ پروگرام خودداری کی طرف پہلا قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بیروزگاری کی مجموعی شرح 22 فیصد سے زائد ہے جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ اپنا کمائو پروگرام کا مقصد ہر فردخصوصاً بے روزگار افراد کو معاشی طور پر خود مختار، باعزت اور خود انحصار بنانا ہے۔

اس پروگرام میں طالبعلم، گھریلو خواتین، ریٹائرڈ افراد، سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کے بچے اور معاشرے کے تمام طبقے شامل ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے 2023 کی ڈیجیٹل آبادی اور ہاؤسنگ مردم شماری کے تخمینہ کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 1 کروڑ 87 لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہیں۔