تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما، سماجی ہم آہنگی، اور شخصیت سازی کے لیے نہایت ضروری ہیں،صوبائی مشیر مینا مجید

بدھ 23 اپریل 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ سے لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز اوتھل کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس سعید احمد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جامعہ میں جاری طلباء و طالبات کی غیر نصابی سرگرمیوں، خصوصاً کھیلوں کے فروغ سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس نے صوبائی مشیر کو آگاہ کیا کہ لسبیلہ یونیورسٹی میں مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں جن میں فٹبال، والی بال، کرکٹ، ایتھلیٹکس، اور انڈور گیمز شامل ہیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے طلبائ کی جسمانی و ذہنی تربیت کے ساتھ ساتھ اْن کی قائدانہ صلاحیتوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعید احمد نے لسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر عبدالمالک ترین کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔

وائس چانسلر نے کھیلوں اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے محکمہ کھیل و آمور نوجوانان کی مجموعی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر مینا مجید بلوچ نے طلباء کی غیر نصابی سرگرمیوں کو مثبت اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما، سماجی ہم آہنگی، اور شخصیت سازی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ لسبیلہ یونیورسٹی سمیت صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی، کوچنگ، اور ضروری سامان کی فراہمی میں محکمہ ہذا بھرپور معاونت کرے گا۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ کھیل صرف تفریح نہیں، بلکہ یہ ایک مثبت طرزِ زندگی ہے جو نوجوانوں کو نظم و ضبط، برداشت، اور قیادت کے اصول سکھاتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس سعید احمد نے ایک بار پھر صوبائی مشیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جامعہ میں کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔