Live Updates

کٹھوعہ،بی جے پی رہنمائوں کا صحافی پر بہیمانہ تشدد، صحافیوں کا واقعے پر شدید احتجاج

جمعرات 24 اپریل 2025 17:35

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2025ء) بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بی جے پی رہنمائوں نے ضلع کٹھوعہ میں ایک احتجاجی مظاہرے کے ایک سینئر صحافی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی جے پی والے ضلع کٹھوعہ کے کالی باڑی چوک میں پہلگام واقعے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے کہ ایک سینئر رپورٹر راکیش شرما نے پارٹی رہنمائوں سے سیکورٹی سے متعلق ایک سوال کیا جس پر دیویندر منیال، راجیو جسروٹیا ، بھارت بھوشن اور دیگر رہنما بھڑک اٹھے اور راکیش کو تشدد کا نشانہ بنایا ۔

واقعے کی ایک ویڈیو میں سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں بی جے پی رہنمائوںکو راکیش پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ راکیش پر اس قدر تشدد کیا گیا کہ اسے ہسپتال میں داخل ہونا پڑا۔

(جاری ہے)

سینئر صحافیوں کے ایک گروپ نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس،کٹھوعہ شوبھت سکسینہ سے ملاقات کی اور بی جے پی رہنمائوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور ان کی گرفتاری سمیت مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا۔

صحافیوںنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھے کٹھوعہ کے شہیدی چوک میں واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور ملزمان کیخلاف کارروائی تک بی جے پی کے تمام پروگراموں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔صحافیوںنے جموں میں پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔دریں اثنا، پردیش کانگریس کمیٹی نے صحافی شرما پر تشددکی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس کا جرم صرف یہ تھا کہ اس نے بڑھتے ہوئے حملوں کے تناظر میں سیکورٹی کی صورتحال پر کچھ سوالات کیے تھے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات