Live Updates

کمپٹیشن کمیشن کی آن لائن مارکیٹ میں غیر مسابقتی طرز عمل کے خلاف اقدامات پر مشاورت

جمعرات 24 اپریل 2025 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور آن لائن مارکیٹ پلیٹ فارمز پر غیر مسابقتی طرز عمل اور گمراہ کن مارکیٹنگ کے خلاف اقدامات کے لئے معروف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، پاک ویلز اور او ایل ایکس پاکستان کے ساتھ مشاورت کی ہے ۔ مشاورت کا مقصد آن لائن مارکیٹوں میں صارف کو درست معلومات کی دستیابی کے لئے گائیڈ لائنز اور بہتر معیارات کو قائم کرنا ہے۔

کمپٹیشن کمیشن کے ممبر آفس آف فئیر ٹریڈ سلمان امین کی سربراہی میں کمیشن کے حکام نے پاک ویلز اور ایس ایم سی پرائیویٹ لمیٹڈ (او ایل ایکس پاکستان) کی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں مسابقت کو یقینی بنانا اور صارفین کے حقوق کا تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

پاک ویلز کے ساتھ ملاقات میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سنیل منج اور ان کی ٹیم نے کمیشن کو آن لائن پلیٹ فارم پر فراہم کی جانے والی خدمات جیسے کہ آٹو فنانسنگ، انشورنس اور وہیکل ویریفکیشن سے متعلق بریفنگ دی۔

کمیشن نے خاص طور پر تھرڈ پارٹی مصنوعات جیسے کہ فنانسنگ، آٹو پارٹس، آئل اور انشورنس سے متعلق اشتہاری مہمات میں درست معلومات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا ۔ آن لائن اشتہارات میں شفافیت کو بہتر بنانے اور صارفین کے تحفظ کے لیے رہنما اصول مرتب کیے جائیں گے۔ الیکٹرک گاڑیوں، بائیکس اور سکوٹرز سے متعلق دعوئوں کی نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

آن لائن مارکیٹ پلیٹ فارم او ایل ایکس کے ساتھ اجلاس میں جھوٹے اشتہارات، جعلی نوکریوں، دھوکہ دہی پر مبنی سکیموں اور ملٹی لیول مارکیٹنگ کے فراڈ کے اشتہارات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ کمیشن نے او ایل ایکس کو صارفین کی جانب سے شکایات کے اندارج کا نظام قائم کرنے اور پلیٹ فارم سے قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی۔ او ایل ایکس اپنے پلیٹ فارم پر کمپٹیشن ایکٹ 2010 کے تحت ممنوعہ طرز عمل سے متعلق واضح معلومات فراہم کرے گا اور قوانین کی پابندی کے لئے اقدامات کرے گا۔

کمپٹیشن کمیشن مختلف شعبوں بشمول ڈیجیٹل معیشت میں کھلے اور منصفانہ مقابلے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ حال ہی میں کمیشن نے آٹوموبائل سیکٹر میں گمراہ کن مارکیٹنگ اور قانون کی خلاف ورزیوں پر جرمانے بھی عائد کیے ہیں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات