وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

جمعرات 24 اپریل 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2025ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کیا۔ ملاقات کے دوران، ہارون اختر نے صنعتی اور پیداواری شعبوں کو درپیش اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کے مضبوط عزم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی، نجکاری اور برآمدات میں اضافہ جیسے اہم مسائل کی نگرانی اور حل کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔"یہ نظام میں موجود تمام خامیوں کو ختم کرنے کا صحیح اور آخری موقع ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت میں اضافہ کیا ہے اور وہ تمام شعبوں کے نمائندوں کے ساتھ ہفتہ وار بات چیت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہارون اختر نے کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بزنس مین سمیت ہر ایک کی خواہش ہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایک سہولت کار ادارے کے طور پر کام کرے، ہم درست سمت میں جارہے ہیں۔ انہوں نے برین ڈرین سے متعلق خدشات کو تسلیم کیا اورحکومتی وژن کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر آگے بڑھے۔ہارون اختر نے صنعت کاری کو فروغ دینے، تعمیرات اور آٹوموبائل کے شعبوں کی بحالی، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو مراعات دینے اور تجارت اور صنعت کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک ایکسپو سینٹر کے قیام سے متعلق آر سی سی آئی کی اہم تجاویز کو بھی سراہا۔

راولپنڈی چیمبر کے صدر عثمان شوکت نے گروپ لیڈر سہیل الطاف کے ہمراہ معاون خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ان کے فعال انداز کو سراہا۔ عثمان شوکت نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صنعت کاری کو فروغ دے اور برآمدات کو ترغیب دے، جبکہ پیداواری لاگت، ٹیکسوں کے بوجھ، اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کیا جائے،سہیل الطاف نے معاشی استحکام کی حوصلہ افزا اشاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کاروباری اعتماد پیدا کرنے کے لیے پالیسی میں تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تعمیراتی شعبے کی بحالی بہت ضروری ہے، کیونکہ یہ 40 سے زائد متعلقہ صنعتوں کو سپورٹ کرتا ہے۔