سمبا 2 اور سوریا ونشی کے سیکوئل کی تصدیق

سمبا کا دوسرا حصہ ضرور بنے گا، سوریا ونشی کو بھی آگے لے کر جائیں گے، روہت شیٹھی

جمعہ 25 اپریل 2025 11:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)رنویر سنگھ کی سمبا 2 اور اکشے کمار کی سوریا ونشی کا سیکوئل جلد متوقع ہے، روہت شیٹھی نے تصدیق کر دی۔بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار روہت شیٹھی نے اپنے مشہور کاپ یونیورس cop universe کو مزید وسعت دینے کا اعلان کر دیا ہے۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نہ صرف رنویر سنگھ کی فلم سمبا کا سیکوئل بنانے کی تصدیق کی بلکہ یہ بھی بتایا کہ اکشے کمار کی سپر ہٹ فلم سوریا ونشی کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔

روہت شیٹھی نے کہا کہ سمبا کا دوسرا حصہ ضرور بنے گا، سوریا ونشی کو بھی آگے لے کر جائیں گے، مزید اداکار بھی اس دنیا کا حصہ بنیں گے اور کئی نئی فلمیں اس کاپ یونیورس میں شامل ہوں گی۔روہت شیٹھی نے بتایا کہ ابتدا میں ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ کسی کوپ یونیورس کی بنیاد رکھیں، مگر جب 2011 میں اجے دیوگن کی فلم سنگھم نے زبردست کامیابی حاصل کی، تو یہ خیال آیا کہ کیوں نہ ان کرداروں کو ایک مشترکہ فلمی کائنات میں جوڑا جائے۔

(جاری ہے)

اب تک اس کاپ یونیورس میں 5 فلمیں شامل ہو چکی ہیں جس میں سنگھم، سنگھم ریٹرنز، سنگھم اگین، سمبا اور سوریا ونشی شامل ہیں۔روہت نے بتایا کہ 2019 میں جب سوریا ونشی پر کام کر رہے تھے، تو اسی وقت سنگھم اگین کا تصور بھی ذہن میں آیا، جس میں تمام بڑے اداکاروں کو ایک ساتھ لانا چاہتے تھے۔روہت کا کہنا ہے کہ مستقبل کی فلموں میں ناصرف دیپیکا اور ٹائیگر کے کرداروں کو مزید گہرائی دی جائے گی بلکہ نئے اداکاروں کو بھی متعارف کروایا جائے گا، تاکہ یہ فلمی دنیا مزید جاندار اور پائیدار بن سکے۔

متعلقہ عنوان :