متنازعہ کینالوں کے خلاف جے یو آئی سندھ کا ہنگامی اجلاس 26 اپریل کو طلب

جمعہ 25 اپریل 2025 18:20

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) متنازعہ کینالوں کے خلاف جے یو آئی سندھ کا ہنگامی اجلاس 26 اپریل کو طلب، سندھو بچاؤ سندھ بچاؤ تحریک نئے مرحلے میں داخل، سکھر میں احتجاجی مارچ اور دھرنے کا اعلان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے دریائے سندھ سے کینال نکالنے کے منصوبے کے خاتمے کے لیے شروع کی گئی تحریک نئے مرحلے میں داخل کرنے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں راشد محمود سومرو کی ہدایت پر جے یو آئی سندھ کی مجلس عاملہ کا ایک ہنگامی اجلاس 26 اپریل کو منزل گاہ سکھر میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کریں گے، اجلاس میں موجودہ صورتحال پر غور اور کینالوں کے خلاف تحریک کو مزید تیز کرنے کے لیے اہم فیصلے کئے جائیں گے، جے یو آئی سندھ کے ترجمان ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے کینالوں کے خاتمے کے متعلق دئیے گئے بیان سے ہمیں تسلی نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ جب تک کینالوں کے خاتمے کا حکومت نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتی ہماری تحریک جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی تحریک اب مزاحمتی تحریک میں داخل ہوچکی ہے اور تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے اعلان کیا کہ 26 اپریل کو سکھر میں تاریخی مارچ اور دھرنا دیا جائے گا۔