Live Updates

شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کا اردو یونیورسٹی کے مالی و انتظامی بحران پر تشویش کا اظہار

اساتذہ اور ریٹائرڈ ملازمین پنشن، تنخواہوں، ہاوس سیلنگ اور طبی سہولیات سے محروم ہیں ،جامعہ اردو کے وفد سے گفتگو

جمعہ 25 اپریل 2025 19:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی کنوینیئر و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے مالی و انتظامی بحران پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جانب اساتذہ اور ریٹائرڈ ملازمین پنشن، تنخواہوں، ہاوس سیلنگ اور طبی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق یونیورسٹی کے پاس 67 کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم پنشن فنڈز میں موجود ہے۔

انہوں نے اس بات پرگہری تشویش کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں 8 سے زائد ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین انتقال کرچکے اور ان کے لواحقین واجبات کے حصول کے لیے پریشان ہیں جبکہ متعدد ریٹائرڈ ملازمین کو طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

جامعہ اردو کے ایک وفد جس میں پرفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان ،پروفیسر مسعود احمد اور پروفیسر اصغر علی شامل تھے نے گذشتہ روز ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی رہائش گاہ پر شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے موقع پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے حالات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں کے باوجود ان فنڈز سے ادائیگیاں نہ کرنا سنگین غفلت، بے حسی اور قانون شکنی ہے۔ شاہد خاقان عباسی اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے زور دیا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی جیسے قومی تعلیمی ادارے میں حکومت کی جانب سے مالی اور انتظامی بحران کی سرپرستی نہیں ہونی چاہیے۔ اساتذہ کے معاشی استحصال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جو عناصر اس بحران کے ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف فوری اور شفاف تحقیق کی بنیاد پر کارروائی کی جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے پر فوری توجہ دے بالخصوص جب کہ حکومت نے سالِ رواں کو تعلیمی ایمرجنسی کا سال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی صرف دعوں سے نہیں، عملی اقدامات سے نظر آتی ہے۔ اساتذہ کو ان کے جائز حقوق، تنخواہیں، پنشن، ریٹائرمنٹ واجبات اور طبی سہولیات فوری دی جائیں ورنہ تعلیم سے جڑے حکومتی دعوے محض کھوکھلے نعرے تصور ہوں گے۔

رہنماں نے اساتذہ، ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہذب معاشرہ اپنے اساتذہ کو فراموش نہیں کرتا بلکہ ان کے ساتھ عزت، انصاف اور وقار کا سلوک کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے اور نہ صرف وفاقی اردو یونیورسٹی کی مالی اور انتظامی صورتحال کا نوٹس لے بلکہ اساتذہ کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات