فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال بھرپور کامیاب رہی ،راولپنڈی چیمبر

ہفتہ 26 اپریل 2025 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے قائم مقام صدر خالد فاروق قاضی اور گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا ہےکہ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال بھرپور کامیاب رہی ۔ جائزہ اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اخلاقی ذمہ داری اور وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام بالخصوص تاجر برادری فلسطینی کاز کے لیے گہرے رشتے اور غیر متزلزل حمایت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطینی سفیر کے دورہ چیمبر کے موقع پر تاجر نمائندوں اور چیمبر عہدےداروں اور ممبران نے فلسطینیوں کی حمایت کا بھرپور اعادہ کیا تھا اور شٹر ڈائون ہڑتال کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری بالخصوص او آئی سی کی جانب سے اس مسئلہ کے حل کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔

اس موقع پر نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور نجم ریحان اور ثاقب رفیق، سیکرٹری جم خانہ سید رضوان مشہدی، سابق ایس وی پی عاصم محمود ملک، سابق سیکرٹری جم خانہ فیصل عزیز بھٹی، ای سی ممبر بلال مقبول اور آر سی سی آئی کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :