مسلم لیگ ن صدر جماعت شاہ غلام قادر کی قیادت میں متحد ومنظم ہے،شرافت علی خلجی

آمدہ الیکشن کے اندر مسلم لیگ ن کی کامیابی میں یوتھ ونگ کا کلیدی کردار ہو گا ،رہنماء نون لیگ

اتوار 27 اپریل 2025 14:30

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن صدر جماعت شاہ غلام قادر کی قیادت میں متحد ومنظم ہے ان شاء اللہ آمدہ الیکشن کے اندر شاہ غلام قادر کی قیادت میں آزاد جموں وکشمیر بھر سے کلین سویپ کریں گے ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ آئے روز مختلف سیاسی جماعتوں سے لوگ مستعفیٰ ہو کر شاہ غلام قادر کے ہاتھ پر سیاسی بیعت ہو رہے ہیں شاہ غلام قادر کا شمار آزاد جموں وکشمیر کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے انھوں نے ہمیشہ ہر فورم پر عوامی حقوق کی بات کی اور عوامی مسائل حل کئے انھوں نے مزید کہا کہ شاہ غلام قادر کے احکامات کی روشنی میں مسلم لیگ ن یوتھ ونگ دن بدن مزید محنت کر رہی ہے آمدہ الیکشن کے اندر مسلم لیگ ن کی کامیابی میں یوتھ ونگ کا کلیدی کردار ہو گا مجھ سمیت مسلم لیگ ن کا ہر نوجوان بڑھ چڑھ کر مسلم لیگ ن کی الیکشن مہم چلائے گا اور مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدوار کو کامیاب بنائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کے مسائل صرف اور صرف مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر کی صورت میں ہی حل کر سکتی ہے اس وقت مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر بھر کے عوام کی پسندیدہ جماعت ہے مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں آزاد جموں وکشمیر بھر کے اندر تعمیر وترقی کا جال بچھایا نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار مہیا کیا اور عوامی مسائل عوام کی دہلیز پر حل کئے ان شاء اللہ اب ایک بار پھر مسلم لیگ ن آمدہ الیکشن کے اندر شاہ غلام قادر کی قیادت میں کلین سویپ کرتے ہوئے تعمیر وترقی اور خوشحالی کے رکے ہوئے سفر کو دوبارہ سے آغاز کرے گی اور عوام کے جملہ مسائل حل ہونگے۔