ریلوے کی اراضی پر کسی کو بھی قبضہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔حنیف عباسی

اتوار 27 اپریل 2025 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کسی کوبھی ریلوے کی زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے راولپنڈی ریلوے ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کی ایک انچ زمین پر بھی قبضہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔یہ آپریشن وفاقی وزیر کی رہنمائی اور پختہ عزم کا نتیجہ ہے اور حکومتی اداروں کی اجتماعی کوششوں نے تجاوزات کے خلاف جنگ کو موثر بنادیا ہے۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ راولپنڈی نورالدین داؤد کی سربراہی میں آپریشن کا مقصد ریلوے کی قیمتی اراضی کو واگزار کرانا ہے۔آپریشن کو ریلوے پولیس، انسداد تجاوزات عملہ اور سول انتظامیہ کا تعاون حاصل ہے، جس نے اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران لکڑی کے غیر قانونی ڈھانچے جو مریڑ ریلوے پل کے قریب گزشتہ دو دہائیوں سے موجود تھے اور خانہ بدوشوں کی عارضی پناہ گاہوں سے مستقل عمارتوں میں تبدیل ہو چکے تھے ان کو آپریشن کے دوران مسمار کر دیا گیا۔

آپریشن سے قبل تقریباً 14 کنال اراضی پر ناجائز قبضہ کیا گیا تھا جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔حنیف عباسی نے کہا ہے کہ یہ آپریشن صرف اور صرف قانون کی حکمرانی، ریلوے نظام کی بہتری اور عوام کی بھلائی کے لیے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریلوے کی تمام اراضی واگزار کرانے اور ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف ایک مضبوط پیغام دینے کے لیے یہ آپریشن پورے ملک میں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام نہ صرف ریلوے کے نظام کی حفاظت کرے گا بلکہ عوامی مفاد میں بھی کام کرے گا۔

متعلقہ عنوان :