تحریک منہاج القرآن امت مسلمہ کی اصلاح اور انسانیت کی خدمت کے عظیم مشن پر گامزن ہے، انجینئر محمد رفیق

اتوار 27 اپریل 2025 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں دین اسلام کے فروغ، امت مسلمہ کی اصلاح اور انسانیت کی خدمت کے عظیم مشن پر گامزن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن سرگودھا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس سینئررہنما پروفیسر سلیمان خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے سینکڑوں ادارے قائم کیے ہیں، جہاں جدید اور دینی تعلیم کا حسین امتزاج پیش کیا جاتا ہے۔ فہم قرآن کورسز، تربیتی ورکشاپس اور روحانی اجتماعات کے ذریعے معاشرے میں اخلاقی، روحانی اور علمی بیداری پیدا کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کے پرآشوب دور میں جہاں مادیت پرستی نے انسان کو خدا سے دور کر دیا ہے، وہاں تحریک منہاج القرآن لوگوں کو اللہ کے قریب لانے کا ایک مضبوط ذریعہ بن چکی ہے۔

عقیدہ، عبادات، اخلاقیات اور معاملات کی اصلاح ہمارا بنیادی ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن اپنے آپ کو دین کے خادم کے طور پر پیش کرتا ہے۔ ہم نفرتوں کو محبت میں اور جہالت کو علم میں بدلنے کا عزم رکھتے ہیں۔انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے خدمت دین کے ساتھ ساتھ بین المذاہب رواداری، امن عالم، حقوقِ انسانی اور علم و تحقیق کے فروغ میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ اجلاس میں ڈاکٹر ظفر علی ناز ، علامہ چشتی قاسم علی فاروقی، محمد ادریس مغل ،حکیم ظفر اقبال و دیگر رہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :