Live Updates

بھارت میں زیر تعلیم سینکڑوں کشمیری طلبا وطن واپس آنے پر مجبور

پیر 28 اپریل 2025 15:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) پہلگام واقعے کے بعد بھارت میں خاص طوپربی جے پی کے زیر اقتدربھارتی ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، گجرات، مہاراشٹرا اور کرناٹک میں کشمیری طلبا کو ہراساں کرنے، دھمکیاں دینے اور تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے بعد کشمیری طلبا تعلیم کو چھوڑ کر اپنے گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری طلبا جو اپنے گھروں سے دور بھارت کے مختلف شہروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، خوف کی لپیٹ میں ہیں اور بہت سے اپنی سلامتی سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث کشمیر واپس جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ہندو انتہاپسندوں کے حملوں اور ہراساں کیے جانے کے خوف سے سینکڑوں کشمیری طلبا اپنے گھروں کو واپس لوٹ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اتراکھنڈ میں صورتحال خاصی سنگین ہے جہاں ہندو انتہاپسندتنظیمیں کشمیری طلبا کو براہ راست دھمکیاں دے رہی ہیں جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا ہے اورکشمیری طلبا اپنی سلامتی کے لئے تعلیمی ادارے چھوڑ رہے ہیں۔ خوف صرف جسمانی نقصان کا نہیں بلکہ مسلسل حملے کے خطرے میں رہنے سے طلبا نفسیاتی طورپر متاثر ہورہے ہیں۔

ماہرین تعلیم نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت بھر کی یونیورسٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری طلبا کے امتحانات دو سے تین ہفتوں کے لئے ملتوی کرنے پر غور کریں۔ بہت سے کشمیری طلبا نے کہاکہ اس طرح کے معاندانہ ماحول میں امتحانات کی مناسب تیاری کرنا ان کے لیے تقریبا ناممکن ہو گا۔ ان کی پڑھائی میں رکاوٹ صرف تعلیمی ہی نہیں بلکہ ذاتی بھی ہے کیونکہ انہیں خوف میں رہنے کے صدمے کا سامنا ہے۔کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کشمیری طلباء پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملک کے مختلف علاقوں میں غیر منصفانہ طور پر حملوں کانشانہ بنایا جا رہا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات