اے ڈی سی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

پیر 28 اپریل 2025 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان طارق کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی ٹریفک، سی ای او میونسپل کارپوریشن، سیکرٹری آر ٹی اے، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے متعلقہ محکموں کو اہم ہدایات دیں۔

انہوں نے بغیر نمبر پلیٹ رکشوں اور چنگچی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ نالہ لئی کے ساتھ بننے والے باڑوں کو ختم کرنے اور وہاں کام کرنے والے افراد کی تصدیق کروانے کی بات کی گئی۔ مزید یہ کہ جو بچے سڑکوں پر بھیک مانگتے نظر آتے ہیں ان کے ہینڈلرز کو پکڑ کر ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے آئیسکو کو بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا جائے تو اس کے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو آگاہ کیا جائے اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کو اڈیالہ روڈ پر غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی اور ان کے خلاف مہم جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ کسٹم ڈیپارٹمنٹ کو نان کسٹم پیڈ سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دیا گیا تاکہ کوئی بھی نان کسٹم پیڈ سامان راولپنڈی میں فروخت نہ ہو سکے۔ خاص طور پر گوداموں اور ریٹیلرز کو چیک کرنے کا کہا گیا تاکہ قانون کی خلاف ورزی کی روک تھام کی جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام محکمے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور شہریوں کو بہترین خدمات فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :