خیبرپختونخوااسمبلی نے جوڈیشل افیسرزویلفیئربورڈبل2025پاس کرلیا

پیر 28 اپریل 2025 21:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2025ء)خیبرپختونخوااسمبلی نے جوڈیشل افیسرزویلفیئربورڈبل2025پاس کرلیا ۔ اسمبلی اجلاس کے دوران صوبائی وزیرقانون آفتاب عالم نے بل کی منظوری کیلئے تحریک پیش کی اس موقع پر اپوزیشن اراکین کی ترامیم بھی پیش کی گئیں بل کے تحت خیبرپختونخوا حکومت نے جوڈیشل افسران اور انکی فیملیز کو تعلیم، صحت اور رہائش کی سہولیات کی فراہمی کیلئے خیبرپختونخوا جوڈیشل آفیسرز ویلفیئر فنڈ قائم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بل کے رو سے فنڈز کی دیکھ بھال کیلئے رجسٹرار ہائی کورٹ پشاور کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائیگی،کمیٹی فنڈز کی انویسمنٹ کے حوالے سے تجاویز تیار کرے گی،جوڈیشل آفیسرز اور انکی فیملیز کے لئے مینجمنٹ کمیٹی ہاؤسنگ سکیم لانچ کرے گی،معروف ہیلتھ کیئر یونٹس میں سہولیات کی فراہمی،ہیلتھ انشورنس اور لائف انشورنس سکیم کا اجراء کرے گی، ہاؤسنگ سوسائٹیز پلاٹس اور دیگر یونٹس و اپارٹمنٹ تعمیر کئے جائیں گے، بل کی رو سے کمیٹی کلب ممبر شپ،ریٹائرمنٹ کے بعد کے فائدے اور انکے حوالے سے معاملات میں مشکلات کے خاتمے کا کام انجام دے گی،قانون کے تحت تمام جوڈیشل آفیسرز پر فنڈز کی ممبر شپ کروانا لازم ہوگی،تمام کیٹگریز جوڈیشل آفیسرز سے ماہانہ بنیادوں پر فنڈز کیلئے تنخواہوں سے کٹوتی ہوگی،فنڈز سے ایمرجنسی یا قدرتی آفات کے دوران جوڈیشل کی فیملیز کو مالی امداد فراہم کی جائیگی۔