Live Updates

وفاقی وزیر احسن اقبال کی سیکریٹری جنرل ایگزیکٹو کونسل دبئی سے ملاقات،

دوطرفہ تعاون اور گورننس اصلاحات پر تبادلہ خیال

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل بدھ 30 اپریل 2025 23:52

وفاقی وزیر احسن اقبال کی سیکریٹری جنرل ایگزیکٹو کونسل دبئی سے ملاقات،
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2025ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے آج دبئی میں ایگزیکٹو کونسل دبئی کے سیکریٹری جنرل عبداللہ محمد البسطي سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل برائے گورننس و سرکاری خدمات ڈاکٹر حزاع خلفان النعیمی، آفس آف سیکریٹری جنرل کے ڈائریکٹر برائے شراکت داری و بین الاقوامی تعلقات خالد جمعہ بلاحول، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، ٹریڈ کونسلر اور پریس کونسلر بھی موجود تھے۔

البسطي نے پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے دبئی گورنمنٹ ایکسیلینس پروگرام کا تعارف کروایا، جو 2003 میں سرکاری شعبے کی کارکردگی، گورننس اور اختراع کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کو اپناتے ہوئے ایک سمارٹ، مؤثر اور عوام دوست گورننس نظام تشکیل دے رہا ہے، جس کے اہم اعشاریے عوامی اطمینان اور ملازمین کی خوشی ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے دبئی حکومت کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کی طویل المدتی منصوبہ بندی کی حکمت عملی بیان کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے ہدف پر کام کر رہا ہے، جس کی بنیاد ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، گورننس اصلاحات اور پائیدار پالیسی فریم ورک پر ہے۔ انہوں نے سول سروس اور پبلک سیکٹر اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی، اور کہا کہ پاکستان کا مقصد گورننس ڈھانچے کو نئی عالمی ٹیکنالوجی اور تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ہے۔

جواب میں البسطي نے قیادت کے واضح وژن اور عوامی شراکت داری کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا، اور کہا کہ شفافیت اور احتساب اچھی گورننس کے بنیادی ستون ہونے چاہییں۔ دونوں فریقین نے انسانی وسائل کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور مالیاتی خدمات جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کو سراہا اور علم کے تبادلے و اختراع پر مبنی شراکت داری کے لیے مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات