آئی پی ایل میچز کی بڑھتی تعداد کیا انٹرنیشنل کرکٹ ختم کردے گی؟

بھارتی بورڈ نے کرکٹ پر اجارہ داری قائم کرنے کیلئے نیا منصوبہ بنا لیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 29 اپریل 2025 12:06

آئی پی ایل میچز کی بڑھتی تعداد کیا انٹرنیشنل کرکٹ ختم کردے گی؟
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اپریل 2025ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے 2028ء کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ایڈیشن میں میچز کی تعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2028ء کے آئی پی ایل سیزن کیلئے بھارتی بورڈ میچز کی تعداد 74 سے بڑھا کر 94 میچز تک لیجانے کا خواب دیکھ رہا ہے تاہم لیگ میں نئی ​​فرنچائزز کو شامل کرنے کا فی الحال کوئی منصوبہ شامل نہیں ہے۔

2022ء میں لیگ میں دو ٹیموں کے اضافے کے بعد موجودہ میچز کی تعداد 74 ہے جبکہ 2026ء تک یہ تعداد 84 میچز تک ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ 
کرکٹنگ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے کہا کہ جب 2028ء میں اگلا میڈیا رائٹس سائیکل شروع ہوگا، تو بورڈ مکمل ہوم اینڈ اوے 94 میچ فارمیٹ میں تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے گا، میچز کی تعداد بڑھانے کیلئے آئی سی سی سے رابطہ کریں گے تاکہ شیڈول میں کوئی تکرار نہ ہو۔

(جاری ہے)

 
دوسری جانب آئی پی ایل میچز بڑھنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کیلنڈر کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ 2 سے زائد ماہ کا وقت انڈین لیگ کی نذر ہوتا ہے اور اس دوران کوئی ملک اپنے میچز شیڈول نہیں رکھتا کیونکہ پلئیرز لیگ میں شرکت کیلئے فرنچائز کیساتھ موجود ہوتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں 2008ء کے بعد سے پاکستانی کھلاڑیوں پر پابندی عائد ہے۔