منرلز اینڈ مائینز ایکٹ صوبائی خودمختاری پر کاری ضرب ،پختونخوا کے وسائل پر قبضے کی سازش ہے، میاں افتخار حسین

کسی صورت ایکٹ تسلیم نہیں کریں گے ،صوبائی حکومت آدھا تیتر آدھا بٹیر ، والی پالیسی ترک کرے، صدر اے این پی خیبرپختونخوا

منگل 29 اپریل 2025 20:00

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء) صدر اے این پی خیبرپختونخوا میاں افتخار حسین نے منرلز اینڈ مائینز ایکٹ 2025 کو صوبائی خودمختاری پر کاری ضرب اور پختونخوا کے وسائل پر قبضہ کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے واضح کردیا کہ کسی صورت اس ایکٹ کو تسلیم نہیں کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف صوابی میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع صوابی کے زیر اہتمام منگل کو پختون خوا کے قدرتی وسائل اور مائنز اینڈ منرل بل 2025 کی موضوع پر اگاہی مہم کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ ,صوبائی یوتھ آفیئر سیکرٹری طارق آفغان اور پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن کے صوبائی صدر آچک کے علاوہ ضلعی صدر آصف الرحمن، سینئر نائب صدر توصیف اعجازِ ,جنرل سیکرٹری نواب زادہ نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اے این پی خیبرپختونخواہ کے صدر میاں افتخار حسین شاہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت آدھا تیتر آدھا بٹیر ، والی پالیسی ترک کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اے این پی کی موقف بالکل واضح ہے کہ پختون خوا کے معدنیات سمیت تمام وسائل پر حق صرف اور صرف پختون قوم کا ہے ، انہوں نے کہا کہ 2008 میں ان کی حکومت نے اٹھارہویں ترمیم جیسے تاریخی آئینی ترمیم پاس کرکے صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت اور انکو حقیقی معنوں میں خودمختاری دلائی تھی ,وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی پیدا کی اور چھوٹے صوبوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا تھا جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔

گزشتہ کء سالوں سے ایک منظم سازش کے ذریعے اے این پی کو بیاختیار کرنے کیلئے انہیں اسمبلیوں سے دور رکھا جارہا ہے جس کی کوئی پرواہ نہیں ,اقتدار ہو یا حزبِ اختلاف ,عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پختونوں اور خصوصا صوبے کے محروم طبقات کی وکالت کی ہے اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا محاسبہ کیا ھے , آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور منرلز اینڈ مائینز ایکٹ 2025 جیسے پختون دشمن قانون کے خلاف اے این پی ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور اگر ضرورت پڑی تو سڑکوں پر بھی دما دم مست قلندر کریں گے ,پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن صوابی کے مشکور ہیں جنہوں نے اس اہم ایشو پر سیمنار کا انعقاد کیا اور آگاہی مہم کا یہ سلسلہ جاری رکھا ۔