Live Updates

بھارت شفاف تحقیقات سے بھاگ رہا ہے، کچھ تو ہے جو دنیا سے چھپا رہا ہے

دونوں ممالک کی حکومتوں اورانٹیلی جنس ایجنسیزکو چاہئے کہ پاکستان اور بھارت میں دہشتگردی کے واقعات کی تحقیقات کریں ، دہشتگردی میں جو بھی سہولتکار ملوث ہے اس کو پکڑنا چاہیئے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 29 اپریل 2025 23:27

بھارت شفاف تحقیقات سے بھاگ رہا ہے، کچھ تو ہے جو دنیا سے چھپا رہا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 29 اپریل 2025ء ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت شفاف تحقیقات سے بھاگ رہا ہے، کچھ تو ہے جو دنیا سے چھپا رہا ہے،دونوں ممالک کی حکومتوں اورانٹیلی جنس ایجنسیز کو چاہئے کہ پاکستان اور بھارت میں دہشتگردی کے واقعات کی تحقیقات کریں۔ انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، پہلگام واقعے پر دنیا بھر کی طرح پاکستان نے بھی مذمت کی، دہشتگردی کا کوئی بھی واقعہ ہو بھارت پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے۔

پہلگام حملے پر شفاف تحقیقات حکومت کا بہترین فیصلہ ہے، شفاف تحقیقات ہوں گی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، جبکہ بھارت شفاف تحقیقات سے بھاگ رہا ہے، کچھ تو ہے جو دنیا سے چھپا رہا ہے، بھارت الیکشن مہم کیلئے ایڈونچر کرتا رہتا ہے، بھارت نے باربار ثابت کیا ہے کہ وہ غیرذمہ دار ریاست ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے پانی کے معاملے پر خطرناک محاذ کھول دیا ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے پر ٹیکنیکل حملے کرتا آیا ہے، سندھ طاس معاہدہ دنیا میں ایک مثال ہے ۔

بھارت اگر واقعی دہشتگردی کو ختم کرنے میں سنجیدگی رکھتا ہے، دونوں ممالک کی حکومتوں اورانٹیلی جنس ایجنسیز کو چاہئے کہ مل کر دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے کام کریں، دونوں ممالک کو چاہیئے کہ سہولتکارو ں کو ختم کریں، دہشتگردی میں جو بھی ملوث ہے اس کو پکڑنا چاہیئے، خطرے کو دہشتگردی سے نجات دلوانی چاہیئے۔ بھارت میں دہشتگردی کو ختم کرنے اور پہلگام واقعے کی تحقیقات میں سنجیدگی نظر نہیں آرہی۔

دریں اثناں ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ 25 اپریل کو جہلم بس اڈے کے قریب بھارتی تربیت یافتہ دہشتگرد گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشتگردی سے بھارتی ساختہ ڈرون برآمد ہوا، ور موبائل فون کی فرانزک سے ناقابل تردید شواہد ملے، دہشتگرد کا ہینڈلر بھارتی فوج کا صوبیدار سکھویندر ہے، بھارتی فوج کا حاضر سروس افسر دہشتگردوں کو ہدایات دے رہا تھا،پاکستان میں دہشتگردی کیلئے میجر سندیپ ورما نے پیسے دیئے، بھارتی ہینڈلرز کی واٹس ایپ چیٹ بھی پکڑی گئی ہے۔

جہلم بس اسٹینڈ سے اڑھائی کلو بارودی مواد برآمد ہوا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد آپ کو بتانا ہے کہ کیسے بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہی۔ پہلگام واقعے کو 7 دن گزرگئے ہیں لیکن اب تک بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات سے متعلق اب تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کس طرح بھارت کس طرح پاکستان کے اندر دہشت گرد نیٹ ورک چلا رہا ہے اور دہشت گردوں کو ملٹری سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے آئی ڈیز سمیت دیگر مواد فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 25 اپریل یعنی 4 دن پہلے جہلم بس اسٹینڈ سے بھارت کا تربیت یافتہ دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا جس کے پاس سے ایک آئی دی، دو موبائل فون اور 70 ہزار روپے کیش برآمد ہوا جب کہ اس کے گھر سے ایک بھارتی ساختہ ڈرون اور 10 لاکھ روپے کیش برآمد ہوا، اس کے موبائل فون اور دیگر چیزوں کی فورنزک کی گئی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات