/ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مشترکہ مفادات کونسل میں صوبے کے آئینی حقوق کا کامیابی سے دفاع کیا، بیرسٹر سیف

منگل 29 اپریل 2025 21:40

W پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2025ء)مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ حکومت خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں صوبے کے آئینی حقوق کا کامیابی سے دفاع کیا۔انہوں نے کہا کہ نیٹ ہائیڈل پرافٹ اور این ایف سی میں ضم شدہ اضلاع کا حصہ خیبر پختونخوا کا قانونی اور آئینی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے دونوں اہم معاملات پر کونسل کو اعتماد میں لیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کو اس بارے میں باقاعدہ خطوط لکھے جا چکے ہیں، تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ دونوں معاملات آئندہ سی سی آئی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ انضمام کے بعد ضم شدہ اضلاع خیبر پختونخوا کا قانونی اور آئینی حصہ ہیں، اور وفاق کی جانب سے ان کا حصہ روکنا غیر قانونی و غیر آئینی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی حکومت کو اوچھے ہتھکنڈوں کی بجائے صوبے کی مدد کرنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں ترقی کے ذریعے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وفاق دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو ضم اضلاع کے فنڈز فوری طور پر جاری کردے ۔ہشت گردی صرف صوبے یا ضم اضلاع کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ضم اضلاع کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے۔