سعودی کابینہ کا اجلاس ، مشرق وسطی میں مستقل امن کے لیے کوششیں تیز کرنے پر زور

بدھ 30 اپریل 2025 08:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) سعودی کابینہ نے مشرق وسطی میں مستقل بنیادوں پرقیام امن کے لیے بین الاقومی قراردادوں اور عرب امن اقدام کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔ایس پی اےکے مطابق اجلاس کے آغاز میں ولی عہد مملکت نے اراکین کابینہ کو شاہ اردن اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے آگاہ کیا۔

کابینہ نے اس حوالے سے سعودی، انڈین مشترکہ کونسل کے دوسرے اجلاس کے نتائج اور دونوں دوست ممالک کے مابین اقتصادی و تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو سراہا۔وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد بتایا ’اراکین کابینہ نےعلاقائی اور عالمی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی خوشحالی اور فروغ امن کے حوالےسے درپیش چلیجنز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی طورپر کی جانے والی کوششوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس نےزوردیا کہ مشرق وسطی کا امن اس بات کا متقاضی ہے کہ عالمی قراردادوں کے مطابق آزاد ریاست فلسطین کا قیام عمل میں لایا جائے جو 1967 کی سرحدوں کے مطابق اور اس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔اراکین نے اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کرنے کی منظوری دی۔ علاوہ ازیں ایجنڈے میں موجود نکات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔