آسٹریلیا یوٹیوب کو 16 سال سے کم عمر کے بچوں کے لئےسوشل میڈیا پر پابندی میں شامل کرے گا

بدھ 30 جولائی 2025 15:13

آسٹریلیا یوٹیوب کو 16 سال سے کم عمر کے بچوں کے لئےسوشل میڈیا پر پابندی ..
کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے یوٹیوب کو 16 سال سے کم عمر کے بچوں کے لئے سوشل میڈیا پابندی میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔ شنہوا کے مطابق بدھ کو وزیراعظم انتھونی البانیز اور وزیر برائے مواصلات انیکا ویلز نےکینبرا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے اپنے آن لائن سیفٹی ریگولیٹر ای سیفٹی کمشنر کی طرف سے یوٹیوب کو سوشل میڈیا پر پابندی میں شامل کرنے کی سفارش قبول کی ہے۔

سوشل میڈیا پر پابندی 10 دسمبر سے نافذ العمل ہوگی ،جس میں یوٹیوب کو تعلیم اور صحت کے مواد کی وجہ سے ابتدائی طور پر پابندی سے استثنیٰ دیا گیا تھا ، لیکن ای سیفٹی کمشنر جولی انمن گرانٹ نے جون میں حکومت کو باضابطہ مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پلیٹ فارم بچوں کو نقصان دہ مواد بھی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت سماجی نقصان پہنچانے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے تیار ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ یہ واحد حل نہیں ہے اور کرنے کے لیے اور بھی بہت کچھ ہے لیکن اس اقدام سے فرق پڑے گا ۔ وزیر برائے مواصلات انیکا ویلز نے کہا کہ یوٹیوب کو پابندی میں شامل کرنے کے فیصلے کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی بجائے والدین کو بچوں کی ترجیحات طے کرنے کا اختیار دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکنالوجی کمپنیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب یوٹیوب اور پیرنٹ کمپنی گوگل نے جولائی کے شروع میں پلیٹ فارم کی استثنیٰ کو ختم کرنے کے حکومت کے کسی بھی اقدام کے خلاف آئینی بنیادوں پر قانونی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ یہ آسٹریلوی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک حقیقی لڑائی ہے،ہم قانونی دھمکیوں سے نہیں ڈریں گے۔یوٹیوب کے ترجمان نے گوگل کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ یوٹیوب کو پابندی سے خارج کرنے کے واضح اور عوامی عزم کی واپسی ہے اور کمپنی اپنے اگلے اقدامات پر غور کرے گی۔