چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا دورہ

بدھ 30 اپریل 2025 18:09

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر چوہدری محمود حسین پلاکوی ایڈووکیٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی دعوت پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے دفتر کا دورہ کیا۔دورہ کے دوران انھوں نے نومنتخب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری محمود حسین پلاکوی اوردیگر عہدیداران کو مبارکبا د دی ۔

قبل ازیں چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان جب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پہنچے توان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ بار اور بنچ کا ہمیشہ چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔میرپور بار آزادکشمیر کی سب سے بڑی بار ہے جس نے قانون اور انصاف کی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے ہمیشہ اعلیٰ عدلیہ کی بھرپور معاونت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ بار میرپور کا عدلیہ کے کردار مثالی رہا ہے۔انھوں نے وکلاء سے کہاکہ وہ انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی بھرپور کاوشیں جاری رکھیں تاکہ لوگوں کو انصاف مل سکے۔اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن جاوید نجم الثاقب ایڈووکیٹ،صدر ہائی کور ٹ بار ایسوسی ایشن راجہ وسیم یونس،ممبران بار کونسل راجہ انعام اللہ ایڈووکیٹ،راجہ ندیم خان ایڈووکیٹ،محترمہ غزالہ حیدر لودھی ایڈووکیٹ،چوہدری یاسر ایڈووکیٹ،راجہ وسیم یونس ایڈووکیٹ سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔