Live Updates

محنت کشوں کی عظمت قوموں کے ماتھے کا جھومر ہے،سیدال خان

مزدوروں کی فلاح و بہبود ایک روشن اور مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے،قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا یومِ مزدور کے موقع پر خصوصی پیغام

بدھ 30 اپریل 2025 18:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں پوری قوم کو محنت کشوں کی عظمت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم مئی صرف ایک دن نہیں، بلکہ ایک ایسا عہد ہے جو ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ترقی کی ہر داستان کے پس پردہ محنت کشوں کی بے مثال جدوجہد اور قربانیاں پوشیدہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزدور وہ چراغ ہیں جن کی روشنی سے معیشت کا ایوان روشن ہے، وہ دست و بازو ہیں جن کے بل پر قومیں اپنا مقدر سنوارتی ہیں، چاہے وہ کھیتوں میں پسینہ بہاتے کسان ہوں، فیکٹریوں میں پہیہ چلانے والے مزدور ہوں، سڑکوں، عمارتوں اور پلوں کی بنیاد رکھنے والے معمار ہوں یا دفاتر میں شب و روز خدمات انجام دینے والے ملازمین، ہر محنت کش اس ملک کی ترقی میں برابر کا شریک اور فخر کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

سیدال خان نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں کامیاب ہوتی ہیں جو اپنے مزدوروں کو عزت دیتی ہیں، ان کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح بناتی ہیں اور ان کی محنت کا صلہ ایمانداری اور عدل کے ساتھ ادا کرتی ہیں۔ آج کا دن ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم اپنے محنت کشوں کے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانے، انہیں سماجی و معاشی تحفظ فراہم کرنے اور ان کے بچوں کو تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات مہیا کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائیں۔

قائمقام چیئرمین نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان ہمیشہ مزدور دوست قانون سازی کی حمایت میں پیش پیش رہی ہے اور مستقبل میں بھی ہر اٴْس اقدام کی تائید کرے گی جو محنت کشوں کی زندگی میں بہتری اور خوشحالی کا ضامن ہو۔ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ، اجرت میں بہتری، محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی اور سماجی انصاف کا فروغ ہماری قومی ترجیحات میں سرِفہرست رہے گا۔

سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کا ہر محنت کش ہمارے لیے قابلِ احترام ہے اور ہم ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے قوم کے تمام طبقوں، حکومت، نجی شعبے اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مزدوروں کے مسائل کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنائیں اور انہیں ایک ایسا ماحول فراہم کریں جہاں محنت کو عزت ملے، انصاف یقینی ہو اور ہر محنت کش کا مستقبل روشن ہو۔سیدال خان نے کہا کہ آج آئیں ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ محنت کشوں کی خوشیوں کو اپنی ترقی کی خوشیوں سے جوڑیں گے اور ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں گے جہاں پسینہ بہانے والے ہاتھوں کو عزت، وقار اور خوشحالی نصیب ہو۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات