یکم مئی اپنے حقوق کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، بیرسٹر سلطان محمود

بدھ 30 اپریل 2025 18:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ یکم مئی اپنے حقوق کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،یہ دن ملک کی معاشی ترقی کے لئے مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔ یکم مئی کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت مزدوروں اور محنت کشوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی اور اُن کا وقار بھی برقراررکھا جائے گا،یکم مئی اپنے حقوق کے لئے جانیں نچھاور کرنے والے محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،یہ دن ملک کی معاشی ترقی کے لئے مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب سماجی انصاف اور لوگوں کے حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، دنیا بھر کے تمام مزدور پیشہ افراد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ1886ء میں شکاگو کے مزدورں نے اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرکے انہیں اپنی جرأت اور تنظیم پروان چڑھانے کا شعوردیا،قربانی اور اس تحریک میں محنت کی قدر واحترام کا تصور ایک روح کی حیثیت رکھتا ہے، اس دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم قومی ترقی کیلئے نیک نیتی سے کام کریں گے۔