گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں 133 امتحانی مراکز پر 95,013 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے،چیئرمین تعلیمی بورڈ لاڑکانہ

بدھ 30 اپریل 2025 19:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کے چیئرمین خالد حسین مہر نے کہا ہے کہ 5 مئی سے شروع ہونے والے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں 133 امتحانی مراکز پر 95,013 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔اس حوالے سے کمشنر لاڑکانہ طاہر حسین سانگی کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کے حوالے سے کمشنر سے درخواست کی گئی کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خصوصی طور پر کشمور کندھ کوٹ ضلع کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات دی جائیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین لاڑکانہ بورڈ کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے کمشنر لاڑکانہ نے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور فوری طور پر لاڑکانہ ریجن کے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کیے۔اس کے علاوہ بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کو بھی ہدایت دی گئی کہ امتحانات کے دوران تمام امتحانی مراکز میں بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے۔کمشنر لاڑکانہ نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نقل کلچر کے خاتمے کے لیے ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایک سیل قائم کیا جائے گا، ساتھ ہی کمشنر لاڑکانہ کی جانب سے ضلعی اور تحصیل سطح پر ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی۔