ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر مندرہ مارکیٹ اور گوجر خان میں پانچ بھٹے سیل

بدھ 30 اپریل 2025 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات راولپنڈی نے مندرہ مارکیٹ اور گوجر خان میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔اس آپریشن کے دوران ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اترنے اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کام کرنے والے پانچ اینٹوں کے بھٹے سیل کر دیے گئے اور خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان پر مجموعی طور پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ای پی اے (ماحولیات تحفظ ایجنسی) راولپنڈی کی جانب سے ایسے بھٹوں اور ناقص ایندھن استعمال کرنے والوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔محکمہ ماحولیات کے مطابق یہ اقدامات اسموگ اور صنعتی آلودگی کو کم کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے بتایا کہ بھٹہ مالکان کو بارہا وارننگ دی گئی، تاہم بہتری کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔کمشنر نے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف پورے ضلع میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :