ؔگراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی ناقابل برداشت: ضلعی انتظامیہ لاہور کی پرائس کنٹرول پر مؤثر کارروائیاں جاری

و*ناجائز منافع خوری پر 50 ہزار روپے جرمانہ، 6 مقدمات درج، 15 دکانداروں کو وارننگ جاری ع*16 سبزیوں اور 6 پھلوں کی قیمتیں مستحکم، شہری کنٹرول روم پر شکایات درج کروائیں

بدھ 30 اپریل 2025 20:05

2لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سخت ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر میں گراں فروشی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ شہریوں کو مہنگائی سے بچانے اور مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری تندہی سے میدان میں مصروف عمل ہیں۔

ان افسران کی جانب سے شہر کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور دکانوں کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جا رہا ہے اور سرکاری ریٹ لسٹ کی پابندی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران، سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

گراں فروشی میں ملوث پائے جانے والے عناصر پر مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

سرکاری نرخنامے کی پاسداری نہ کرنے اور زائد قیمتیں وصول کرنے پر 6 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز (مقدمات) بھی درج کروائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، پہلی بار خلاف ورزی کرنے یا معمولی بے قاعدگی پر 15 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے تاکہ وہ آئندہ سرکاری نرخوں کی پابندی کریں۔ انتظامی اقدامات کے نتیجے میں، شہر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔

آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 16 مختلف سبزیوں کی قیمتیں مقررہ سرکاری نرخوں پر مستحکم ہیں۔ اسی طرح، سیب، کیلے، امرود سمیت 6 اہم پھلوں کی قیمتیں بھی برقرار ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے واضح کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی سی لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی دکاندار زائد قیمت وصول کرتا ہے یا سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی کرتا ہے تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر اپنی شکایات درج کروائیں۔ شہری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی ڈپٹی کمشنر لاہور سے براہ راست رابطہ کر کے شکایات پہنچا سکتے ہیں۔ انتظامیہ یقین دہانی کراتی ہے کہ شہریوں کی ہر شکایت پر فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔