خیبرپختونخوا حکومت کا کارنامہ، جیل نظام مکمل ڈیجیٹلائزڈ ، قیدیوں سے دنیا بھر سے آن لائن ملاقات ممکن بنا دی گئی

دیر میں 60 ارب روپے کی لاگت سے موٹر وے اور دیگر میگا ترقیاتی منصوبے جلد شروع کئے جارہے مشیر جیلخانہ جات کی تیمرگرہ بار اور دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفود سے بات چیت

بدھ 30 اپریل 2025 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے جیلخانہ جات ہمایون خان سے تیمرگرہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کے صدر سلیم خان ایڈووکیٹ کی زیر قیادت وکلاء کے وفد نے ان کے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور بار کیلئے گرانٹ، وکلاء کے مسائل کے علاؤہ دیر کے ترقیاتی منصوبوں اور جیل اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفد نے بھی سینئر نائب صدر غلام حسین غازی کی زیرقیادت صوبائی مشیر سے ملاقات کی اور دیر میں ترقیاتی منصوبوں کے علاؤہ پشاور میں مقیم اہلیان دیر کی فلاح و بہبود پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ہمایون خان نے وفود کو بتایا کہ خیبرپختونخوا کا جیل نظام مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

قیدیوں کیلئے نہ صرف بالمشافہ بلکہ آن لائن ملاقات کا نظام متعارف کر دیا گیا ہے۔

اس نظام کے تحت قیدیوں کے رشتہ دار دنیا کے کسی بھی کونے سے، کسی بھی وقت، حتیٰ کہ ہفتہ وار تعطیلات میں بھی آن لائن ملاقات کر سکتے ہیں اور یہاں تک کہ مختلف جیلوں میں قیدی آپس میں بھی بات چیت کر سکتے ہیں۔ہمایون خان نے دیر کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بتایا کہ چکدرہ تا رباط چھ کلومیٹر لڑمہ ٹنل اور دیر خاص تک 29 کلومیٹر موٹر وے کا ٹینڈر آئندہ تین ماہ میں مشتہر کیا جائے گا جس پر 60 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

اس منصوبے کی تکمیل سے لواری ٹنل تک تین گھنٹے کا سفر صرف 25 منٹ میں طے کیا جا سکے گا۔مشیر جیلخانہ جات نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں سنٹرل جیل کے قیام کیلئے ظلم کوٹ میں 200 کنال اراضی حاصل کی جا چکی ہے جبکہ دیر بالا میں ڈسٹرکٹ جیل کیلئے گندیگار میں اراضی حاصل کر لی گئی ہے اور جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔ہمایون خان نے کہا کہ دیر یونیورسٹی کے قیام اور تیمرگرہ میڈیکل کالج میں سامان کی تنصیب کے مراحل بھی جلد مکمل ہوں گے۔

دونوں اضلاع دیر میں شہری خوبصورتی کے منصوبے بھی زیر تکمیل ہیں، جن میں چکدرہ میں ایک بڑا عوامی پارک بھی شامل ہے۔مشیر جیلخانہ جات نے وفد کو یقین دلایا کہ دیر کے عوام کے منتخب نمائندے عوامی خدمت کیلئے مسلسل کوشاں ہیں اور ان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گھر اور دفتر عوامی مسائل کے حل ہر وقت کھلا ہے اور اہلیان دیر ترقیاتی عمل میں مشاورت کیلئے بھی ان سے کسی بھی وقت مل سکتے ہیں۔ انہوں نے پشاور میں دیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے دفتر آمد کی دعوت بھی قبول کی اور اگلے مہینے دورہ کرکے اہلیان دیر کے مسائل سے بذات خود آگاہی کا یقین دلایا۔