آج ہمیں معاشرے میں اخوت، رواداری اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہے ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعرات 1 مئی 2025 13:38

آج ہمیں  معاشرے میں اخوت، رواداری اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہے ،ڈاکٹر ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2025ء) یہ دنیا فانی ہے، اور ہر ذی روح نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔ آج ہم اپنے پیاروں کے لیے دعائے مغفرت کے لیے جمع ہیں، لیکن یہ لمحہ ہمیں یہ بھی یاد دلاتا ہے کہ زندگی کی اصل حقیقت کیا ہے۔ میرے بھائی ملک سجاد حیدر اعوان ایک بااخلاق، عوام دوست اور خدمتِ خلق سے سرشار نوجوان تھا، جنہوں نے ہمیشہ خلق خدا کی بے لوث خدمت کو اپنا نصب العین بنایا۔

ایک دلخراش حادثہ میں ان کی رحلت میرے لیے ذاتی صدمے سے کم نہیں، لیکن میں ان کی زندگی اور خدمات پر فخر محسوس کرتی ہوں۔ ہمیں اپنے مرحومین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معاشرے میں اخوت، رواداری اور خدمت کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے مرحوم بھائی ملک سجاد حیدر اعوان اور دیگر مرحومین کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے منعقدہ فاتحہ خوانی کی پُرسوز اور باوقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج کی یہ تقریب محض ایک رسمی دعا نہیں بلکہ ایک اجتماعی عزم کی علامت ہے کہ ہم ان اعلیٰ اقدار کو زندہ رکھیں گے جن پر ہمارے مرحومین کاربند رہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا میں تمام معزز شرکاء، علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، اور عوام الناس کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنے قیمتی وقت میں سے وقت نکال کر اس دعا میں شرکت کی اور ہمارے دکھ میں شریک ہوئے۔