حکومت کا پاکستانی پاسپورٹ کی بہتری کا دعوٰی غلط نکلا

پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار، حکومت کو غلط دعوے پر مبنی ایکس پوسٹ ڈیلیٹ کرنا پڑ گئی

muhammad ali محمد علی پیر 30 جون 2025 20:42

حکومت کا پاکستانی پاسپورٹ کی بہتری کا دعوٰی غلط نکلا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون2025ء) حکومت کا پاکستانی پاسپورٹ کی بہتری کا دعوٰی غلط نکلا، پاکستانی پاسپورٹ دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار، حکومت کو غلط دعوے پر مبنی ایکس پوسٹ ڈیلیٹ کرنا پڑ گئی۔ تفصیلات کے مطاق گزشتہ دنوں وفاقی حکومت کی جانب سے دعوٰی کیا گیا تھا کہ پاکستان کا پاسپورٹ نمایاں بہتری سے دنیا کے 100 بہترین پاسپورٹ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔

تاہم اب سامنے آنے والے حقائق کے مطابق حکومت کا دعوٰی جھوٹ پر مبنی تھا، اسی باعث حکومت پاکستان کے ایکس اکاونٹ سے اس دعوے پر مبنی پوسٹ کو ڈیلیٹ کر دیا گیا، تاہم حکومت کی جانب سے ایکس اکاونٹ ڈیلیٹ کرنے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ عالی سطح پر پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ میں کوئی بہتری نہیں آئی۔

(جاری ہے)

ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کی اصل رپورٹ میں پاکستان کا پاسپورٹ 2021 سے 2025 تک دنیا کے آخری چار بدترین پاسپورٹس میں شامل رہا ہے۔

ہینلی پاسپورٹ انڈیکس کی حالیہ درجہ بندی میں پاکستان کا 100 ویں نمبر پر آنا پاکستانی پاسپورٹ کی قدر میں اضافہ ہونا نہیں ہے، بلکہ یہ صرف تکنیکی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔ متعدد ممالک کا مشترکہ درجہ ہونے کی وجہ سے پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک کی رینکنگ صرف تکنیکی طور پر بہتر ہوئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے ویزہ فری سکور میں کوئی بہتری نہیں آ سکی۔ 2021 میں پاکستان کا ویزا فری اسکور 32 تھا اور 2025 میں بھی وہی ہے۔ 2025 میں پاکستان نے یہ درجہ صومالیہ اور یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر حاصل کیا اور اب بھی پاکستان پاسپورٹ رینکنگ میں دنیا میں صرف عراق، شام اور افغانستان جیسے ممالک سے بہتر پوزیشن پر ہے۔