وفاقی حکومت کا بجلی بلوں میں صوبائی الیکٹرسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ

بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں، جولائی سے بجلی بلوں میں صوبائی الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی وصولی بند ہو جائے گی، وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری کا تمام وزرائے اعلیٰ کو خط ارسال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 30 جون 2025 20:11

وفاقی حکومت کا بجلی بلوں میں صوبائی الیکٹرسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون2025ء) وفاقی حکومت نے بجلی بلوں میں صوبائی الیکٹرسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت وفاقی وزیربرائے توانائی سردار اویس لغاری نے تمام وزرائے اعلیٰ کو خطوط ارسال کر دیے ہیں۔ میڈیا کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری نے ارسال کردہ خط میں کہا کہ جولائی سے بجلی بلوں کے ذریعے صوبائی الیکٹرسٹی ڈیوٹی کی وصولی بند ہو جائے گی،  بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے تمام وزرائے اعلی کو خط ارسال کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2025ء سے بجلی بلوں کے ذریعے صوبائی الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی وصولی بند ہو جائے گی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بجلی بلوں میں ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں، بلوں میں متعدد چارجز اور ڈیوٹیوں سے صارفین الجھن کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں وفاقی وزیر نے بجلی کے نرخ کم کرنے کے حکومتی اقدامات بھی اجاگر کیے۔

وفاقی وزیر نے خط میں آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی، سرکاری پاور پلانٹس کاآراو ای کم کرنے پر کام جاری رکھنے کا ذکر کیا۔اویس لغاری نے لکھا کہ بل صرف بجلی کے اصل خرچ کو ظاہر کریں، یہی ہمارا ہدف ہے، صوبے متبادل ذرائع سے ڈیوٹی وصولی کے طریقے تجویز کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اضافی چارجز کا خاتمہ اور صارفین سے بلوں کے ذریعے صرف بجلی کی قیمت وصول کرنا چاہتی ہے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی کیوں کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ 15 روز کیلئے 15 روپے فی لٹر تک اضافے کا امکان ہے، ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :