ٹیکس شارٹ فال 800 ارب روپے سے تجاوز کر گیا

عوام پر بے تحاشہ ٹیکس لگانے کے باوجود ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکامی، اپریل کے دوران بھی ٹیکس ہدف حاصل نہ ہو سکا

muhammad ali محمد علی جمعرات 1 مئی 2025 18:40

ٹیکس شارٹ فال 800 ارب روپے سے تجاوز کر گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم مئی2025ء) ٹیکس شارٹ فال 800 ارب روپے سے تجاوز کر گیا، عوام پر بے تحاشہ ٹیکس لگانے کے باوجود ٹیکس ہدف حاصل کرنے میں ناکامی، اپریل کے دوران بھی ٹیکس ہدف حاصل نہ ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے دس ماہ اور گزشتہ ماہ کے ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔

رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے دس ماہ میں ایف بی آر کا ریونیو شارٹ فال بڑھ کر 830 ارب روپے ہو گیا ہے جبکہ گذشتہ ماہ اپریل کے دوران ایف بی آر کو 118 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال ہوا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق رواں مالی سال 2024-25 کے پہلے 10 ماہ میں ایف بی آر نے مجموعی طور پر 963 ارب روپے کی عبوری ٹیکس وصولیاں کی ہیں جو کہ رواں مالی سال کے دس ماہ کیلئے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے میں 830 ارب روپے کم ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ گذشتہ ماہ اپریل کے دوران ایف بی آر کو مجموعی طور پر 845 ارب روپے کی عبوری خالص ٹیکس وصولیاں ہوئی ہیں جو کہ اپریل 2025 کیلئے مقرر کردہ 963 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کے ہدف کے مقابلے میں 118 ارب روپے کم ہیں۔ تاہم اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر نے کہا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر 30 فیصد ریونیو گروتھ ریکارڈ ہوئی، ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب آئی ایم ایف شرط کے مطابق ہے۔