Live Updates

ججوں کو فیصلے کہیں اور سے مل رہے ہیں پھر تو نظام ختم ہوگیا، شاہد خاقان عباسی

ملک میں نہ آئین رہا اور نہ ہی قانون ہے، مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہایت متنازعہ فیصلہ ہے، تاریخ اسے قبول نہیں کرے گی؛ عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جون 2025 11:27

ججوں کو فیصلے کہیں اور سے مل رہے ہیں پھر تو نظام ختم ہوگیا، شاہد خاقان ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2025ء ) سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججوں کو فیصلے کہیں اور سے مل رہے ہیں، ملک کا نظام تو پھر ختم ہوگیا۔ مختلف ٹی وی انٹرویوز میں انہوں نے کہا کہ جب سپریم کورٹ کے جج کو کوئی اور فیصلے لکھ کر دے رہا ہو تو پھر ملک کا نظام تو ختم ہو چکا ہے، آئین اور قانون تو ختم ہو گیا، سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کو تاریخ کبھی بھی قبول نہیں کرے گی یہ فیصلہ پاکستان کی تاریخ کا متنازعہ ترین فیصلہ مانا جائے گا۔

ایک سوال پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، ہر وہ سیاستدان جس کے پیچھے عوام کھڑی ہوتی ہے وہ ڈٹ کر جیل کاٹ لیتا ہے، عمران خان کو پے رول پر رہا کریں، ان کو بٹھائیں اور بات چیت کریں، ایک دوسرے کی بات سنیں یہی سیاست ہوتی ہے، سیاست دشمنی نہیں ہوتی، اسی طرح میرا مسلم لیگ ن میں اختلاف کسی عہدے یا کسی شخصیت پر نہیں ہے، میں آج بھی ساتھ چلنے کو تیار ہوں، مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر آجائے تو میں ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف 5 سال تو کیا تاحیات بھی وزیراعظم رہ سکتے ہیں لیکن حکومت کو مولانا فضل الرحمان کی دھمکی کو سنجیدگی سے لینا چاہیئے کیوں کہ مولانا فضل الرحمان نے اگر اسلام آباد جانے کا ارادہ کیا ہے تو وہ اپنے رائے کو منطقی انجام تک پہنچانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات