ٹک ٹاکر بہن بھائی نے تاجر کے گھر 13 کروڑ روپے ڈکیتی کی واردات کر ڈالی

ملزمان نے ایف آئی اے کی جعلی وردی استعمال کرتے ہوئے کراچی میں تاجر کے گھر سے 13 کروڑ روپے لُوٹے

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جون 2025 11:49

ٹک ٹاکر بہن بھائی نے تاجر کے گھر 13 کروڑ روپے ڈکیتی کی واردات کر ڈالی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹک ٹاکر بہن بھائی نے تاجر کے گھر 13 کروڑ روپے ڈکیتی کی واردات کر ڈالی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کےعلاقے پی ای سی ایچ ایس میں تاجر کے گھر 13 کروڑکی ڈکیتی کے ملزمان بہن بھائی ٹک ٹاکر نکلے، اس ڈکیتی کے بعد 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں یُسریٰ، نمرہ، شہریار اور شہروز شامل ہیں، جن سے واردات سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

تفیتشی حکام نے بتایا ہے کہ ڈکیتی کرنے والے بہن بھائی ٹک ٹاکر ہیں، ملزمان نے ایف آئی اے کی جعلی وردی استعمال کرتے ہوئے تاجر کے گھر سے 13 کروڑ روپے لوٹے، ڈکیتی کے بعد ملزمان تاجر کے گھر سے نقد رقم، قیمتی گھڑیاں، موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان بھی لوٹ کر فرار ہوئے، گرفتار ملزمہ یسریٰ ماڈلنگ اور ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہے جب کہ اس کی بھارتی اور پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں 2 خواتین سمیت 5 ملزمان نے شو روم مالک کے گھر کا صفایا کیا، ملزمان ایف آئی اے حکام کے یونیفارم میں تاجر سالک کے گھر پہنچے اور 13 کروڑ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لے اڑے، اس ڈکیتی کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آئی۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ متاثرہ تاجر کو گھر کے سامنے گاڑی پر کپڑا ڈال رہا ہوتا ہے کہ اسی دوران وہاں ایک کالے رنگ کی گاڑی پہنچی، گاڑی سے پہلے 2 برقعہ پوش خواتین اور پھر ایک مرد نکل کر سالک کے قریب آیا، جس کے بعد ملزمان اسلحہ کے زور پر سالک کے گھر میں داخل ہوئے، ایک برقعہ پہنے خاتون کے ہاتھ میں خالی بیگ بھی نظر آیا، ملزمہ کو واپسی پر بھرا ہوا بیگ لے جاتے دیکھا گیا، بعد ازاں پولیس نے واردات کا مقدمہ شوروم مالک سالک کی مدعیت میں درج کرکے 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا جن کا عدالت سے ایک روزکا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا۔

واقعے کی ایف آئی کے متن میں کہا گیا ہے کہ 26 جون کو رات ساڑھے 3 بجے مدعی گھر کے سامنے کار پارک کر رہا تھا کہ اسی دوران 2 مرد اور 3 برقعہ پوش خواتین سیاہ رنگ کی ریوو کار میں آئے، ایک شخص نے ایف آئی اے حکام سے ملتے جلتےکپڑے پہنے ہوئے تھے جس کی قمیض پر ایف آئی اے کا مونوگرام بھی چسپاں تھا، ملزمان اسلحےکے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور الماری سے 13 کروڑ روپے نکال کر بیگز میں بھردیئے، ملزمان کمرے سے 20 گھڑیاں، ایک سمارٹ واچ، 25 قیمتی پرفیوم، 9 موبائل فون اور 2 لیپ ٹاپ بھی ساتھ لے گئے۔