مزدور کسی بھی قوم کا اصل معمار ہوتا ہے وہ اپنے خون پسینے اور محنت سے ترقی کی بنیادیں رکھتا ہے،سردار عامرالطاف خان

یومِ مزدور صرف دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک سوچ ایک تحریک اور ایک وعدہ ہے ہم ہر مزدور کو عزت دیں گے،وزیر ٹیوٹا

جمعہ 2 مئی 2025 13:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء)یومِ مزدور کے موقع پر وزیر ٹیوٹا (ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی) آزاد کشمیر و مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سردار عامر الطاف خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور کسی بھی قوم کا اصل معمار ہوتا ہے وہ اپنے خون پسینے اور محنت سے ترقی کی بنیادیں رکھتا ہے ہم اُن شہداء مزدور تحریک کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد آج بھی ہر محنت کش کے دل میں ایک نئی روح پھونکتی ہے۔

سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر محنت کش طبقے کو بااختیار بنانے ان کی زندگیوں میں بہتری لانے اور انہیں معاشی ترقی کا حصہ دار بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن آج کے جدید دور میں ناگزیر ہو چکی ہیبے روزگاری کے خاتمے اور معاشی خودمختاری کے لیے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا ادارے کے تحت آزاد کشمیر بھر میں جدید فنی تعلیم کے مراکز قائم کیے جا رہے ہیںجہاں نوجوان جدید ہنر سیکھ کر نہ صرف روزگار حاصل کر سکتے ہیں بلکہ اپنے خاندان اور علاقے کی تقدیر بھی بدل سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت ہمیشہ سے مزدور دوست رہی ہے اور ہم نے ہر دور میں محنت کش طبقے کی آواز کو بلند کیا ہے مزدور کی کم از کم اجرت کا تعین ہو، سوشل سیکیورٹی کا نظام ہو، یا ان کے لیے صحت اور تعلیم جیسی سہولیات یہ ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ یومِ مزدور صرف دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک سوچ ایک تحریک اور ایک وعدہ ہے ہم ہر مزدور کو عزت دیں گے اس کے حق کے لیے لڑیں گے اور اسے ایک باوقار مقام دلوائیں گے انہوں نے کہا کہ ہمارا خواب ایک ایسا کشمیر ہے جہاں ہر محنت کش کو تحفظ مواقع اور عزت میسر ہوہم مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے مسلم لیگ ن ہمیشہ مزدور طبقے کی حمایت کرتی رہی ہے اور آج بھی ہمارا مشن ہے کہ مزور کو باعزت مقام، مناسب اجرت، اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔