اسلام میں مزدورں کے حقوق متعین ہیں، حاجی امین عطاری

دین اسلام میں عزت کا معیار تقویٰ ہے، اپنے ماتحت کے حقوق کا خیال رکھیں، اجتماع میں بیان

جمعہ 2 مئی 2025 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2025ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد امین عطاری نے کہا ہے کہ اسلام میں مزدوروں کے حقوق ایک کامل طور پر متعین ہیں، دین اسلام نے مزدوروں، اجیروں اور محنت کشوں کے حقوق تقریباً ساڑھے 14 سو سال پہلے مقرر کر دیئے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رضائے مصطفی مسجد ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔

رکن شوریٰ نے کہا کہ یکم مئی دنیا بھر میں مزدور ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے لیکن عالمی سطح پر جو بڑے مسائل زیرِ بحث ہیں ان کا کوئی مستقل حل ابھی تک نہیں نکل سکا، ان میں ایک اہم مسئلہ مزدوروں کے حقوق کا ہے، صدیاں گزر گئیں، بڑے بڑے فلاسفر آئے، بڑے عقلمندوں نے مغز ماری کی، احتجاج ہوئے، انقلاب آئے اور بڑے بڑے نظریات پیش کئے گئے لیکن مزدور جتنے کل مجبور تھے، آج بھی اتنے ہی مجبور نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

حاجی محمد امین عطاری نے کہا کہ دین اسلام میں عزت کا معیار صرف تقویٰ ہے، نہ کہ عہدہ، منصب یا مال ودولت۔یہ اسلام کا حسن ہے کہ اس میں ہر انسان کی عزت اس کے عمل اور تقویٰ پر منحصر ہے، حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہونے کے ناطے ہمیں اپنے ماتحت افراد کو کم تر نہیں سمجھنا چاہئے، مگر افسوس آج ہمارے معاشرے میں مزدوروں کو کم تر سمجھا جانے لگا ہے اور ان کا مذاق اڑایا جاتا ہے جو کہ گناہ کبیرہ ہے، یاد رکھنا چاہئے جس نے مسلمان کو تکلیف دی، اس نے پیارے آقا ﷺ کو تکلیف دی اور جس نے آپ ﷺ کو تکلیف دی، اس نے اللہ پاک کو تکلیف پہنچائی۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ اپنے ماتحت کیساتھ حسن سلوک سے پیش آئیں اور اس کے حقوق کا خیال رکھیں۔

متعلقہ عنوان :