ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول پنجاب کا خانیوال اور ملتان کا دورہِ،آم کے باغات اور اگیتی کاشت کپاس کی فصل کا معائنہ

جمعہ 2 مئی 2025 20:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول پنجاب ڈاکٹر عامر رسول نے جمعہ کو خانیوال،حیات پور ،شام کوٹ،کبیر والا ،ملتان،شجاع آباد اور بستی مٹھو کے مختلف علا قوں کا تفصیلی دورہِ کیا۔ اس دوران انہوں نے آم کے باغات اور اگیتی کاشت کپاس کی فصل کا معائنہ کیا،موجودہ پیسٹ صورتحال کا بغور جائزہ لیا اور کاشتکاروں سے ملاقات کی۔

معائنے کے دوران آم کے باغات پر تیلے(مینگو ہاپر) کے حملے کا مشاہدہ کیا گیا جوکہ نقصان کی معاشی حد سے نیچے تھا۔ڈاکٹر عامر رسول نے آم کےباغبانوں کو تیلے کے حملہ کی نقصان کی معاشی حد پر مؤثر کنٹرول کے لیے کیمیا ئی سفارشات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آم کے تیلے کے تدارک کے لیے باغبان بائی فینتھرین 125 ملی لیٹر، لیمبڈا سائی ہیلوتھرین 50 ملی لیٹر، نائیٹن پائرم 200 ملی لیٹر، کلو تھیانیڈن 150 ملی لیٹر یا ڈائی نوٹیفیوران 50 گرام میں سے کوئی ایک زہر 100 لیٹر پانی میں ملا کر اسپرے کریں،ان زہروں کا بروقت استعمال پھولوں اور کونپلوں کو تیلے کے نقصان سے بچاتا ہے اور پیداوار کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آم کے تیلے کے شدید حملہ کی صورت میں پانچ دن بعد سپرے دوبارہ کریں جبکہ آم کے بٹور کو اچھی طرح کاٹ دیں اور پودوں پر بچے کچھے بٹور کو کاٹ کر گہرا کھڈا کھود کر زمین میں دبا دیں۔ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ نے اگیتی کپاس کے کاشتکاروں سے ملاقات کے دوران انہیں فصل کی بہتر نگہداشت سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ کاشت کے ابتدائی مراحل میں جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی، مناسب قطاروں میں بوائی اور پانی کی بروقت فراہمی نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کے صحت مند آغاز کے لیے ضروری ہے کہ بیج کو کاشت سے قبل مناسب کیڑے مار اور پھپھوند کش زہر لگا کر کاشت کریں،اس سے فصل اپنی نشوو نما کی ابتدائی 40 دن تک بہتر حالت میں رہتی ہے، اس کے علاوہ نقصان دہ کیڑوں کی مانیٹرنگ کا باقاعدہ نظام قائم رکھنا ضروری ہے تاکہ حملے کی صورت میں بروقت اقدامات کیےجا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی ٹرپل جین اقسام پر گلائی فو سیٹ کا اسپرے کاشت کے 25 دنوں میں کر دیا جائے تو پودا گلائی فو سیٹ کے مضر اثرات سے محفوظ رہتا ہے جبکہ ہر طرح کا گھاس ختم ہو جاتا ہے،بدلتے ہوئے موسمی حالات میں کپاس کی کاشت کے ساتھ ساتھ گلائی فو سیٹ کا بے دریغ استعمال کپاس میں پھول گرنے کی اہم وجہ ہو سکتی ہے، لہٰذا اچھی فصل کے لیے گلائی فو سیٹ ہمیشہ کپاس کی کاشت کے ابتدائی 25 دنوں میں استعمال کریں۔

ڈاکٹر عامر رسول نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت جاری کیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پیسٹ سرویلنس جار ی رکھیں، کیڑوں کی شدت اور موسمی حالات کے مطابق کاشتکاروں کو بروقت رہنمائی فراہم کریں اور فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ الیاس رضا کلاچی اور سید عصمت حسین بخاری بھی موجود تھے۔