حیسکو چیف کی غیر سنجیدگی اور لاپرواہی نے حیدرآباد کی صنعت و تجارت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، حیدر آباد چیمبر

ہفتہ 3 مئی 2025 22:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 مئی2025ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے کہا ہے کہ حیسکو چیف کی غیر سنجیدگی اور لاپرواہی نے حیدرآباد کی صنعت و تجارت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ چیمبر کی جانب سے بارہا تحریری خطوط اور یاد دہانیاں ارسال کی گئیں کہ سائٹ کے صنعتی علاقے میں بغیر اعلان کے بجلی کی بندش کا سلسلہ روکا جائے۔

لیکن تاحال کوئی سنجیدہ قدم نہیں اُٹھایا گیا جو حیسکو کی نااہلی اور بے حسی کا کھلا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اًفسوس کا مقام ہے کہ حیسکو چیف نے متعدد بار حیدرآباد کی تاجر برادری سے ملاقات کا وقت دینے کے باوجود ملاقات نہیں کی۔ اِس کے ساتھ حیسکو چیف صنعتکاروں کے اًصل نمائندوں سے ملاقات کرنے کے بجائے ایسے غیر مجاز اًفراد سے روابط رکھ رہے ہیں جن کا سائٹ ایریا کی صنعتوں سے کوئی قانونی تعلق یا حق نمائندگی نہیں ہے یہ انتہائی غیر ذمے دارانہ اور ناقابلِ قبول رویہ ہے۔

(جاری ہے)

اِس عمل سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حیسکو چیف عوامی و کاروباری مسائل اور معیشت کی بہتری میں صنعتوں کے کردار سے بھی غافل ہے۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے کہا کہ سائٹ ایریا سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں دن کے اہم کاروباری اوقات میں اعلانیہ اور بغیر اعلان کے بجلی بند کی جا رہی ہے جس کے باعث نہ صرف تاجر طبقہ اپنا کاروبار کرنے سے قاصر ہے بلکہ صنعتکار اپنے تیار کردہ مال کو بروقت مکمل نہیں کر پا رہے جس سے آرڈرز متاثر ہو رہے ہیں اور برآمدات کو بھی شدید دھچکا لگ رہا ہے۔

صدر چیمبر نے اِس بات پر بھی شدید تشویش کا اِظہار کیا کہ سائٹ انڈسٹریز کو دی جانے والی بجلی کے بل حد سے تجاوز کر چکے ہیں۔ بدقسمتی سے حیسکو میں کوئی ایسا ذمہ دار اًفسر موجود نہیں جو اُن غیر معمولی اور اضافی بلنگز کی وضاحت کرسکے جس سے صنعتکاروں میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ یہ طرز عمل بھی قابلِ مذمت ہے اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ترقیاتی ادارے، ایچ ڈی اے، واسا اور دیگر سرکاری دفاتر بھی بجلی کی بندش کے باعث اپنے معمول کے اًمور انجام نہیں دے پا رہے جس سے شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی جانب سے متعدد بار لیٹرز کی صورت میں یاد دہانیوں کے باوجود حیسکو کی جانب سے سردیوں میں بجلی کی لائنوں کی مرمت کا کام مکمل نہیں کیا گیا اور اًب گرمیوں میں مرمت کے نام پر صنعت کے پہیے کو روک دیا گیا ہے جس کی چیمبر سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے یہ رویہ صنعتی ترقی کے راستے میں رُکاوٹ بن رہا ہے۔

صدر چیمبر سلیم میمن نے وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری، سیکریٹری بجلی اور چیئرمین نیپرا سے مطالبہ کیا ہے کہ حیسکو چیف کے خلاف فوری طور پر محکمانہ کارروائی کی جائے اور حیسکو کی بھرتی پالیسی کے مطابق ایک ایسے آفیسر کو مستقل طور پر حیسکو چیف تعینات کیا جائے جو اہل ہو، تجربہ کار ہو اور اس عہدے کی تکنیکی اور انتظامی ذمہ داریوں سے بخوبی واقف ہو تاکہ حیدرآباد کی صنعت و تجارت کو مسلسل بجلی فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور پاکستان کی معیشت کو بہتری کی جانب گامزن کیا جائے۔