امارات کا 7 مئی سے لبنان پر سفری پابندی ختم کرنے کا اعلان، لبنانی وزیراعظم کا خیر مقدم

پیر 5 مئی 2025 11:21

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نیاعلان کیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں پر لبنان کا سفر کرنے پر عائد پابندی 7 مئی 2025 سے ختم کر دے گی۔عرب نیوز نے بتایاکہ یہ اعلان لبنانی صدرِ مملکت کے گزشتہ ہفتے کے دورہ امارات کے بعد کیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ جاری کردہ ایک مشترکہ بیان کے بعد سامنے آیا، جس میں لبنانی صدر جوزف عون اور اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے دونوں ممالک کے درمیان سفر کو آسان بنانے اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔

متحدہ عرب امارات نے 2021 میں اپنے شہریوں کے لبنان کا سفر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔تاہم لبنانی شہریوں پر امارات آنے کی کوئی پابندی نہیں تھی۔لبنان کے وزیرِ اعظم نواف سلام نے کہا کہ یہ فیصلہ بیروت اور ابوظہبی کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصلے پر امارات اور اس کے صدر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔نواف سلام نے مزید کہا کہ لبنان اور لبنانی عوام اپنے اماراتی بھائیوں اور خلیج و عرب دنیا کے دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے پر جوش ہیں۔