دبئی ایئرپورٹ پر معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کی گرفتاری

چھوٹے قد کے معروف تاجک گلوکار عبد الرازق کو دبئی ائیرپورٹ پر اترتے ہی حراست میں لے لیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 12 جولائی 2025 18:49

دبئی ایئرپورٹ پر معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کی گرفتاری
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی2025ء) دبئی ایئرپورٹ پر معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کی گرفتاری ، چھوٹے قد کے معروف تاجک گلوکار عبد الرازق کو دبئی ائیرپورٹ پر اترتے ہی حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تاجکستان سے تعلق رکھنے والے چھوٹے قد کے مشہور گلوکار اور سوشل میڈیا سیلبرٹی عبد الرازق کوکو دبئی میں گرفتار کر لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عبد الرازق بیرون ملک سے دبئی پہنچے تھے جب انہیں ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔ ان کی گرفتاری ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بجے عمل میں لائی گئی۔ عبد الرازق کے مینیجر کے مطابق ان پر چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے جس کے تحت ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ تاہم دبئی پولیس کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس نے عبد الرازق کیخلاف شکایت اور کیس سے متعلق کسی قسم کی تفصیل جاری نہیں کی۔ واضح رہے کہ 3 فٹ قد کے عبد الرازق امارات کے گولڈن ویزہ ہولڈر بھی ہیں۔ 21 سالہ عبد الرازق متحدہ عرب امارات سمیت خطے میں خاصے مشہور ہیں۔ عبد الرازق مشہور ٹی وی رئیلٹی شو بگ باس سمیت کئی ٹی وی پروگرامز میں شرکت کر چکے، جبکہ سوشل میڈیا خاص کر ٹک ٹاک پر بھی وہ خاصے مشہور ہیں۔ دبئی میں ہفتے کے روز ہونے والی گرفتاری سے کچھ عرصہ قبل عبد الرازق سے بھارت میں بھی منی لانڈرنگ سے متعلق الزامات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔