سندھ میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد، نوٹی فکیشن جاری

زیرو ٹالرنس اپنائیں گے، صرف اعلان نہیں عملدرآمد بھی ہوگا اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی؛ صوبائی سیکریٹری ماحولیات

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 مئی 2025 13:26

سندھ میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد، نوٹی فکیشن جاری
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی 2025ء ) سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبہ بھر میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے محکمہ ماحولیات نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں 15 جون سے پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی عائد ہوگی، پابندی کا اطلاق نان ڈیگریڈیبل، اوکسو ڈیگریڈیبل، بلیک اور ری سائیکلڈپلاسٹک بیگز پر بھی ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ سندھ پروہیبیشن آف نان ڈیگریڈیبل پلاسٹک پروڈکٹس رولز 2014ء میں ترمیم کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے، اس حوالے سے سیکریٹری ماحولیات آغا شاہنواز نے کہا ہے کہ صرف ماحول دوست بیگز کی اجازت ہوگی، زیرو ٹالرنس اپنائیں گے، پلاسٹک بیگز ماحولیاتی تباہی کی بنیاد ہیں، صرف اعلان نہیں عملدرآمد ہوگا، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی، اس لیے سندھ حکومت عوام سے تعاون کی اپیل کرتی ہے، ماحولیاتی تحفظ کو قومی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ پنجاب میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کے حکومتی اعلان کے باوجود صوبہ پنجاب میں ان کا سرعام استعمال جاری ہے، حکومت نے 75 مائیکرون سے کم شاپر بیگز فروخت کرنے پر پابندی لگائی تھی مگر مارکیٹوں میں اس وقت بھی 12 مائیکرون والے پلاسٹک شاپنگ بیگز سرعام استعمال ہو رہے ہیں، ہول سیل ڈیلرز، پرچون فروش اور کریانہ سٹورز یہاں تک کہ ریڑھی بان سمیت ہر کوئی پلاسٹک بیگز استعمال کرتا دکھائی دیتا ہے، اس حوالے سے دکانداروں کا کہنا ہے کہ 12 مائیکرون کے لفافے کی ڈیمانڈ زیادہ ہے، 12 مائیکرون کے سوا کوئی اور شاپنگ بیگ ملتے ہی نہیں اور یہ سستے بھی پڑتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :