Live Updates

زندگی اور ایف پی سی سی آئی کے مابین ڈیجیٹل فنانشل تبدیلی کے لیے شراکت داری

پیر 5 مئی 2025 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)جے ایس بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’زندگی‘اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) نے پاکستان کے کاروباری شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کرنے کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت داری قائم کر لی ہے۔ یہ اشتراک ایف پی سی سی آئی کے تحت موجود 76 چیمبرز اور 155 تجارتی تنظیموں پر محیط ہے اور اس کا مقصد ملک بھر میں کاروباری اداروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے لیے مالیاتی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔

’زندگی ‘اس معاہدے کے تحت،ایف پی سی آئی کے ممبر اداروں میں’’راست‘‘ سے منسلک کیو آر کوڈ پر مبنی ریئل ٹائم ادائیگی کا نظام متعارف کرائے گا، جس کے ذریعے محفوظ، فوری اور کم لاگت پر لین دین ممکن ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ، زندگی ایک مکمل فنانشل سالوشن بھی فراہم کرے گا جو خاص طور پر کاروباری افراد، تجارتی اداروں اور ان کی رکن تنظیموں کی ضروریات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔

یہ اقدام صرف ادائیگیوں تک محدود نہیں بلکہ اس میں قرضہ جات، سرمایہ کاری اور مالی معاونت جیسے حل بھی شامل ہوں گے تاکہ ایس ایم ایزکی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔اس شراکت داری کے ذریعے زندگی کا چھوٹے کاروباروںکے لیے بنایا گیاپلیٹ فارم’’---Chikoo‘‘ بھی استعمال کیا جائے گا، جس کی مدد سے چھوٹے کاروبار اپنی سرگرمیوں کو ڈیجیٹل بنا کربڑی بڑی مارکیٹوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

زندگی کے چیف پراڈکٹ آفیسر، فیصل خالد نے اس موقع پر کہاکہ،’’ ایف پی سی آئی کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کے کاروباری منظرنامے کو ڈیجیٹل جدت کے ذریعے ازسرنو متعین کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہم محفوظ اور مؤثر فنانشل سالوشنز فراہم کر کے ہرسائز کے بزنس، خصوصاً چھوٹے کاروباروں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

‘‘ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر، عون علی سید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ،’’زندگی کے ساتھ اس انقلابی شراکت داری پر ہم بہت خوش ہیں ،یہ اقدام ڈیجیٹل تبدیلی کے ہمارے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ یہ اشتراک مالیاتی رسائی کو بہتر بنائے گا اور خاص طور پرایس ایم ایزکو وہ وسائل فراہم کرے گا جن کی انہیں ڈیجیٹل دور میں ترقی کے لیے ضرورت ہے۔‘‘
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات