سرگودھا ،علی عامر ہاکی کلب نے مجاہد ظفر ہاکی اکیڈمی کی ٹیم کو 0-6سے ہرا دیا

پیر 5 مئی 2025 17:25

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2025ء) سرگودھا میں دوستانہ میچ مجاہد ظفر ہاکی اکیڈمی لیلیانی اورعلی عامر ہاکی کلب کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو کہ علی عامر ہاکی کلب کی ٹیم نے 6-0سے جیت لیا۔ میچ کے مہمانِ خصوصی موٹیویشنل سپیکر عبداللہ ریا ض تھے جن کا استقبال ڈی ایس پی فیاض احمد ہنجرا اور عدنان علی نے کیا۔ مہمانِ خصوصی کا تمام کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا۔

اس موقع پرعبداللہ ریاض نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے جو کہ بد قسمتی سے عدم توجہ کی وجہ سے پستی کی طرف جا رہا ہے مگر آج یہاں آ کر بڑی خوشی ہوئی کہ علی عامر ہاکی کلب و دیگر ہاکی کلب ہمارے قومی کھیل ہاکی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے بھی گزارش کی کہ وہ ہاکی پر توجہ دیں تا کہ اس کے عروج کو واپس لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایس پی فیاض احمد ہنجرا نے کہاکہ اس دوستانہ میچ کا مقصد کھلاڑیوں کی مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے کیونکہ میچ میں انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی ہے میں اُمید کرتا ہوں کہ تمام کھلاڑیوں کو اُن سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میچ میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں میں تصورعباس،عمران عباس،شرجیل احمد،رانا وحید اور بشارت علی نے اپنی مہارتوں کے جوہر دکھائے۔ آخر میں ٹیم کوچ عدنان علی نے آنے والے مہمانوں اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :