آج کل لوگ محبت جیتنے کے بجائے چھیننے میں دلچپسی رکھتے ہیں، سمیع خان

پیر 5 مئی 2025 21:33

آج کل لوگ محبت جیتنے کے بجائے چھیننے میں دلچپسی رکھتے ہیں، سمیع خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سنجیدہ اور ورسٹائل اداکار سمیع خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں ڈراموں کے بدلتے رجحانات اور اپنی پیشہ ورانہ سوچ پر گفتگو کی، جو سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کر رہی ہے۔سمیع خان فلم اور ٹی وی دونوں میڈیمز پر دو دہائیوں سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں، حال ہی میں ڈرامہ سیریلز فرار اور دنیا پور میں شاندار پرفارمنس کے باعث دوبارہ شہ سرخیوں میں ہیں۔

انٹرویو کے دوران، سمیع خان نے ڈراموں میں برے لڑکوں کو ہیرو کے طور پر پیش کیے جانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل کے ناظرین ایسے کرداروں کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ ان سے ہمدردی بھی محسوس کرتے ہیں، چاہے وہ کردار کتنے ہی منفی کیوں نہ ہوں۔

(جاری ہے)

سمیع نے اپنے پرانے ڈرامے انکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، آج کل لوگ محبت جیتنے میں نہیں بلکہ اسے چھیننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق، منفی کرداروں کو گلیمرائز کر دینا ایک خطرناک رحجان ہے کیونکہ اس سے ناظرین میں یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ شاید ہر برے انسان کے پیچھے کوئی ٹھوس وجہ یا ہمدردی کا پہلو ہوتا ہے، جبکہ ایسا ہمیشہ ضروری نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بعض افراد فطری طور پر مجرمانہ سوچ کے حامل ہوتے ہیں، اور ضروری ہے کہ ناظرین ایسے کرداروں سے سبق حاصل کریں کہ ہمیں زندگی میں کیا نہیں کرنا چاہیے، نہ کہ ان کرداروں کی چمک دمک میں کھو جائیں۔سمیع خان کا یہ نکتہ نظر سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی پا رہا ہے، جہاں بہت سے ناظرین اس بات پر اتفاق کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ڈرامہ تفریح کے ساتھ ساتھ معاشرتی اصلاح کا ذریعہ بھی ہونا چاہیے۔