بلوچستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم کا اہم اجلاس، حکومتی اشتہاراتی پالیسی میں مبینہ تبدیلی پر تشویش

پیر 5 مئی 2025 20:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء) کوئٹہ میں بلوچستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز عبوری صدر سید علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں فورم کی تنظیمی فعالیت، منشور کی تیاری اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق مختلف نکات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے حکومت بلوچستان کی جانب سے اشتہارات کے اجرا کی پالیسی میں مبینہ تبدیلی، اور حکومتی اشتہارات میڈیا اداروں کو براہ راست جاری کرنے کے بجائے صرف (BPRA) کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کی تجویز پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

اس عمل سے صوبے کے میڈیا کو نہ صرف مالی نقصان ہوگا بلکہ حکومتی اداروں میں کرپشن کے نئے راستے کھل جائینگے ‘ شرکاء نے اس عمل کو آزاد اور خودمختار میڈیا کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اخباری صنعت ایکشن کمیٹی کی جانب سے جاری احتجاجی مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فورم کی نئی ممبرشپ سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں پر بھی غور کیا گیا تاہم ان پر حتمی فیصلہ آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا۔

شرکاء نے واضح کیا کہ بلوچستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم صوبے کے ان مستند اور فعال ڈیجیٹل میڈیا اداروں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے جو پیشہ وارانہ معیار اور ذمہ داری کے تقاضے پورے کرتے ہیں، اور مستقبل میں شامل ہونے کے خواہشمند اداروں کی درخواستوں پر فورم کے اصولوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے ڈیجیٹل میڈیا اداروں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ ذمہ داران کو باضابطہ طور پر تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔