ز*امریکی تیراک کیٹی لیڈیکی کا 10 سال بعد 800 میٹر فری اسٹائل کا عالمی ریکارڈ

پیر 5 مئی 2025 21:10

۔واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2025ء)امریکی تیراک کیٹی لیڈیکی نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 800 میٹر فری اسٹائل میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے 2016ء کے ریو اولمپکس میں آخری بار عالمی ریکارڈ بنایا تھا اور اب تقریباً 10 سال بعد کیٹی نے اسے مزید بہتر بنا کر ایک بار پھر دنیا کو حیران کردیا۔

ٹی وائے آر پرو سوئم سیریز کے دوران لیڈیکی نے نیا وقت 8:04.12 ریکارڈ کیا، جو کہ ان کے گزشتہ عالمی ریکارڈ سے 0.6 سیکنڈ کم ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اپنی قریبی حریف سے تقریباً 20 سیکنڈز آگے تھیں۔کیٹی لیڈیکی گزشتہ 13 برسوں سے طویل فاصلے کی فری اسٹائل تیراکی پر راج کر رہی ہیں، ان کی رفتار، برداشت اور مہارت ایسی سطح پر ہے کہ اکثر مقابلوں میں وہ صرف خود سے مقابلہ کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے 1500 میٹر فری اسٹائل میں تاریخ کا دوسرا تیز ترین وقت (15:24.51) مکمل کر کے واضح کیا کہ وہ اب بھی دنیا کی سب سے عظیم تیراک ہیں۔ریکارڈ کے بعد لیڈیکی نے کہا کہ میں مسکرانا نہیں روک پا رہی، یہ سارا ہفتہ ایسا ہی رہا ہے، اس لیے میرے لیے کچھ نیا نہیں، یہ کئی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے اور آج رات یہ حاصل کرنا ناقابل یقین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 750 میٹر کے ٹرن پر جب ہجوم نے شور مچایا تو میں نے خود سے کہا، ’یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا اور میں نے جدوجہد شروع کر دی۔‘